نام کاربری یا نشانی ایمیل
رمز عبور
مرا به خاطر بسپار
تحریر: حماد نصیر افغانستان اور خطے کے ممالک کے سیاسی و معاشی مسائل کے حل کےلیے ماسکو فارمیٹ ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔ یہ فارمیٹ 2017 میں قائم کیا گیا، جس کا مقصد خطے کے با اثر ممالک ایک چھتری تلے جمع کرکے افغانستان اور خطے میں استحکام، سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی افہام و تفہیم اور بات چیت تھی۔ یہ فارمیٹ علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے، پڑوسی ممالک کے درمیان گفت و شنید اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے ایک موزوں فریم ورک ہے جس سے افغانستان کو بے شمار فوائد حاصل ہوں گے۔ اس فریم ورک سے افغانستان کو جو فوائد حاصل ہو رہے ہیں ان کی تفصیل درج ذیل ہیں۔ علاقائی تعاون: ماسکو فارمیٹ افغانستان اور خطے کے ممالک کو درپیش پیچیدہ چیلنجوں اور مسائل کے حل کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ یہ فارمیٹ وسط ایشیائی ممالک جیسے روس، چین، بھارت، پاکستان، ایران اور افغانستان کے ساتھ جامع مذاکرات کا ماحول پیدا کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے کہ خطے کے ممالک کے تحفظات اور مفادات کو پورا کیا جائے۔ امن، سلامتی اور استحکام کے لیے تعاون کی سطح کو بڑھایا جائے گا۔ سیکیورٹی تعاون: ماسکو فارمیٹ امن اور استحکام کو مضبوط بنانے، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے شعبے میں علاقائی تعاون کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ یہ فارمیٹ، سیکیورٹی اور انٹیلی جنس معلومات کے جمع اور اشتراک کے ذریعے مذکورہ بالا مسائل کو حل کرنے کے لیے موثر اور قابل عمل حکمت عملی پر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو خطے کے ممالک کے استحکام میں ممد و معاون ہے۔ اقتصادی ترقی اور انسانی امداد: ماسکو فارمیٹ افغانستان کی انسانی اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ ماسکو فارمیٹ میں مشترکہ تعاون کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امداد مؤثر طریقے سے ضرورت مندوں تک پہنچ جائے۔ اس کے علاوہ معاشی حوالے سے ماسکو فارمیٹ افغانستان میں طویل مدتی ترقی اور اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے معاشی ترقی کے اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور سرمایہ کاری کو فروغ دیتا ہے۔ سفارتی تعلقات میں توسیع: افغانستان کے لیے ماسکو فارمیٹ میں شرکت سے علاقائی اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس اقدام سے پڑوسی ممالک، خطے اور دنیا کے ساتھ افغانستان کے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور امن اور ترقی کی کوششوں کے لیے بین الاقوامی حمایت بھی حاصل ہوگی۔ کثیر جہتی نقطہ نظر: ماسکو فارمیٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام متعلقہ ممالک اور طاقتوں کے مفادات اور خدشات کو مدنظر رکھا جائے۔ یہ اقدام افغانستان کے چیلنجز کے حل اور متوازن ترقی کی بنیاد فراہم کرے گا۔ صلاحیت سازی: ماسکو فارمیٹ کے ذریعے افغانستان صلاحیت سازی سے مستفید ہو رہا ہے۔ علاقائی تعاون افغانستان میں سیکیورٹی، گورننس اور ترقیاتی امور کے موثر انتظام میں مختلف ایجنسیوں کی اہلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ بین الاقوامی حمایت میں اضافہ: ماسکو فارمیٹ افغانستان کے لیے بین الاقوامی توجہ اور حمایت حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے، اس طرح کے پلیٹ فارم میں افغانستان کے چیلنجوں، مسائل اور ضروریات کو اجاگر کرتے ہوئے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے اضافی وسائل بروئے کار لاتا اور سیاسی تبدیلیاں لاتا ہے۔ تزویراتی حل: ماسکو فارمیٹ بات چیت اور تعاون پر زور دیتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم افغانستان کے مسائل اور چیلنجوں کے پائیدار حل کے لیے ضروری مواقع فراہم کرتا ہے، جو افغانستان میں طویل مدتی امن اور استحکام میں معاون ہے۔ ماسکو فارمیٹ افغانستان کے لیے علاقائی تعاون اور مختلف چیلنجوں کے حل کے لیے موزوں ماحول پیدا کرتا ہے۔ سیکیورٹی تعاون بڑھا کر، اقتصادی ترقی کو فروغ دے کر جغرافیائی اور سیاسی مفادات میں توازن پیدا کرکے، افغانستان کے استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ فارمیٹ مسلسل عزم اور مشترکہ تعاون کے ذریعے ایک پرامن، خوشحال اور خود کفیل افغانستان میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔
این مطلب بدون برچسب می باشد.
دیدگاه بسته شده است.