کابل

سعودی عرب افغانوں کے حج و عمرہ کوٹے میں اضافہ کرے: وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی 

سعودی عرب افغانوں کے حج و عمرہ کوٹے میں اضافہ کرے: وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی 

کابل( الامارہ) امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے کابل میں سعودی عرب کے سفیر فیصل طلق البقمی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سعودی عرب میں مقیم افغانوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی اور دو طرفہ تعلقات میں موجود مواقع سے استفادے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان وزیر خارجہ نے افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو قابل قدر اور تاریخی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی آمد و رفت میں اضافہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے سعودی حکومت سے افغانوں کے لیے حج اور عمرہ کے کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت سعودی عرب میں مقیم افغانوں کو بہترین قونصلر خدمات فراہم کرے۔

دریں اثناء سعودی سفیر نے افغانستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کابل میں اپنی سفارتی مشن کے ذریعے مختلف شعبوں میں افغانوں کی مدد کرنا چاہتا ہے۔

علاوہ ازیں فیصل طلق البقمی نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں کام کر سکتے ہیں اور کابل میں اپنے سفارت خانے کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا مقصد تمام دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔