غزنی

غزنی میں 7 ملین افغانی کی لاگت سے 3 چیک ڈیموں کی تعمیر مکمل

غزنی میں 7 ملین افغانی کی لاگت سے 3 چیک ڈیموں کی تعمیر مکمل

کابل(بی این اے )
غزنی کے مرکز اور ضلع اندڑ میں 7 ملین افغانی کی لاگت سے پانی کے 3 چیک ڈیموں کی تعمیر مکمل کرکے ان کا افتتاح کیا گیا۔

افتتاحی موقع پر غزنی کے گورنر حافظ محمد امین جان عمری نے کہا کہ ان چیک ڈیموں کے بنانے کا مقصد موسم سرما میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا اور سیلاب کے خطرے کو روکنا ہے۔

محمدامین جان عمری کے مطابق، غزنی کی علاقائی انتظامیہ سیلاب پر قابو پانے اور پانی کو ذخیرہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، نیز وزارت پانی و توانائی بارش کے پانی ذخیرہ کرنے اور سیلاب سے بچنے کے لیے ہر ضلع میں ایک چیک ڈیم بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اس موقع پر غزنی کے ڈائریکٹر زراعت، آبپاشی و لائیو سٹاک مولوی محمد ادریس حنیف کا کہنا ہے کہ ان چیک ڈیموں کی تعمیر سے سینکڑوں ایکڑ اراضی سیلاب کے خطرے سے محفوظ اور دسیوں ایکڑ زرعی اراضی پانی سے مستفید ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق یہ چیک ڈیم نارویجن کمیٹی کی مالی مدد سے غزنی کے مرکز جبارخیل اور ضلع اندڑ کےخرخشہ، واحمدی گاؤں میں بنائے گئے۔

اسی دوران غزنی میں نارویجن کمیٹی کے سربراہ سید محمد نوید نے باختر نیوز کو بتایا کہ ان چیک ڈیموں کی لاگت تقریباً 7 ملین افغانی ہے اور ہر چیک ڈیم میں 11 ہزار کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔