کابل

فلائی دبئی نے کابل کے لیے پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا

فلائی دبئی نے کابل کے لیے پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا

 

کابل. خصوصی رپورٹ
پہلی بین الاقوامی ایئر لائن کے طور پر متحدہ عرب امارات کی ’فلائی دبئی‘ نامی ایئرلائن کی دو سال سے زائد وقفے کے بعد کابل کے لیے پروازیں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں اور گزشتہ روز 15 نومبر کو اس کی پہلی پرواز کابل میں اتری۔

امارت اسلامیہ کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر کا کہنا ہے کہ اس کمپنی نے ان کی اور وزارت ٹرانسپورٹیشن اور ایوی ایشن کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں افغانستان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کردیں۔

ان کے دفتر نے X پر شائع ہونے والے ایک پیغام میں کہا کہ کابل کے لیے فلائی دبئی کی پروازوں کے دوبارہ آغاز سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے اب محفوظ ہیں اور تمام افغان ہوائی اڈوں پر ضروری سامان موجود، تمام سہولیات اور مساوی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

فلائی دبئی پروازوں کے آغاز سے ایئر لائنز کے درمیان مثبت مقابلے کے رجحان سے قیمتوں میں کمی کی توقع کی جاتی ہے. کیونکہ پہلے صرف افغان آریانا ایئر لائن اور کام ایئر نامی ایک نجی افغان ایئر لائن کی پروازوں میں لوگ سفر کرتے تھے اور ان پر انحصار کی وجہ سے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی زیادہ (گیارہ سو درہم) تھیں. تاہم فلائی دبئی سے اترنے والے مسافروں نے کہا کہ فلائی دبئی کی ٹکٹ 7 سو درہم ہیں۔

فلائی دبئی کے بعد العربیہ کمپنی نے بھی عندیہ دیا کہ وہ شارجہ ایئرپورٹ سے افغانستان کے لیے پروازیں شروع کرے گی اور اس کے امارت اسلامیہ کے حکام کے ساتھ تکنیکی امور پر مذاکرات جاری ہیں.

واضح رہے کہ افغانستان کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کی پروازیں بند ہونے سے ملکی کمپنیوں کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کی کئی شکایات سامنے آئی تھیں اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی پروازوں کے آغاز کے بعد ٹکٹ کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی.

فلائی دبئی کی جانب سے افغانستان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کی خبر سب سے پہلے گزشتہ ماہ دبئی میں افغان قونصلیٹ نے دی تھی۔

اس حوالے سے قونصلیٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ دو سال بعد افغانستان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے والی پہلی بین الاقوامی ایئر لائن کے طور پر فلائی دبئی کی پروازوں کی بحالی اہم پیشرفت ہے۔

افغان قونصلیٹ کے ثقافتی امور کے دفتر نے کہا کہ فلائی دبئی پروازوں کے آغاز سے افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ٹکٹوں کی قیمتیں سستی ہوں گی اور افغانوں کے لیے اپنے ملک کا سفر کرنا آسان ہوگا۔