کابل

ٹاپی منصوبہ، ملک کی سلامتی اور استحکام کی ایک اور ضمانت

ٹاپی منصوبہ، ملک کی سلامتی اور استحکام کی ایک اور ضمانت

 

آج کی بات
آخر کار اللہ تعالیٰ کی مدد سے چند دہائیوں کے بعد افغان عوام کا دیرینہ خواب آج شرمندہ تعبیر ہوا۔
طویل انتظار کے بعد آج ہم وطن عزیز میں ایک عظیم الشان منصوبے کے افتتاح کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جو علاقائی سطح پر ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، ایک ایسا منصوبہ جو وسطی ایشیا کے لوگوں اور جنوبی ایشیا کے گنجان آباد شہروں کے درمیان توانائی، تجارت اور رابطے کے لیے بہت اہم اور ایک اہم پل سمجھا جاتا ہے۔
یقیناً ٹاپی منصوبہ وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیائی اقوام کی سلامتی اور اقتصادی تقدیر بدل سکتا ہے۔ ہمارے لیے صرف یہ اہم نہیں ہے کہ وسطی ایشیا کے لوگوں کی تجارت نئی پیشرفت کرے گی جس کے باعث ان کی معیشت ترقی کرے گی یا پاکستان اور ہندوستان کے تقریباً ڈیڑھ ارب لوگوں کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی، بلکہ اس کا افغان عوام کے لیے سب سے اہم اور بنیادی فائدہ یہ ہے کہ یہ ملک تجارت، لین دین، آمد و رفت اور ایک بڑی انسانی برادری کے تعلقات اور روابط بڑھانے کے لئے پل کی حیثیت اختیار کرے گا جو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی سلامتی اور استحکام کے لئے کارآمد ثابت ہوگا۔ جب کہ ہمارے وہ پڑوسی جو گزشتہ پانچ عشروں سے افغانستان میں عدم استحکام چاہتے تھے، وہ بھی اب یہاں امن و استحکام چاہتے ہیں۔ ٹاپی پروجیکٹ افغان عوام کے لیے اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ جنگ، بدامنی، بحرانوں اور بیرونی قوتوں کی جارحیت کے باعث وہ بہت سارے مسائل سے دوچار ہوئے ہیں اور اپنے پڑوسیوں کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ سب سے بڑھ کر ملک کی سلامتی اور استحکام ہمارے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ جنگ اور بدامنی معاشی زوال کی بڑی وجہ ہے جب کہ اس سلسلے میں ٹاپی منصوبہ ہمارے لیے سستی توانائی، معیاری سڑکوں کی تعمیر اور ریلوے نیٹ ورک کے علاوہ سالانہ بنیادوں پر چار سو ملین ڈالر آمدنی اور ہزاروں افراد کو روزگار کی فراہمی کا سنہری موقع ہے، اسی لئے موجودہ صورتحال میں اس کی معاشی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ جس پر اب ہر محب وطن افغان کے لیے شکر کا مقام ہے کہ امارت اسلامیہ کے اعلی حکام اور غیور مجاہدین کی بے مثال قربانیوں اور مخلصانہ کاوشوں سے ملک بھر میں نہ صرف مثالی امن قائم ہے بلکہ بڑے بڑے منصوبے شروع کرنے کے لئے ماحول سازگار بنایا گیا ہے۔
یہ یقیناً اسی امن اور اعلی حکام کے خلوص کا نتیجہ ہے کہ آج ہم وطن عزیز میں قوش تپہ، ٹاپی، ریلورے، ڈیموں، سڑکوں، تیل اور دیگر معدنیات سمیت بڑے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔
آئیے نظام کے استحکام اور قومی وحدت کی مضبوطی کے لئے مزید کام کریں اور ترقی کے اس کارروان کو مزید تیز اور اپنی قوم کو دوسروں کی محتاجی سے نجات دلائیں۔