جنگی جرائم فروری 2020

سیدسعید یکم فروری کو صوبہ فراه کے دارالحکومت کے قریبی گاؤں تجک میں امریکی فوج کے ڈرون حملے میں 13 سالہ بچہ شہید ہوگیا۔ صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے شورکی میں امریکی ڈرون حملے میں دو شہری شہید ہوگئے۔ صوبہ فراہ کے ضلع پشت کوہ کے علاقے لنگر میں امریکی اور افغان فوج […]

سیدسعید

یکم فروری کو صوبہ فراه کے دارالحکومت کے قریبی گاؤں تجک میں امریکی فوج کے ڈرون حملے میں 13 سالہ بچہ شہید ہوگیا۔ صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے شورکی میں امریکی ڈرون حملے میں دو شہری شہید ہوگئے۔ صوبہ فراہ کے ضلع پشت کوہ کے علاقے لنگر میں امریکی اور افغان فوج نے لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی۔ اُن کا قیمتی سامان ضبط کر لیا۔ انہیں زدوکوب کیا۔ اس علاقے میں ایک مشہور دینی مدرسہ ‘اصحاب صفہ’ تباہ کر دیا اور وہاں موجود درسی کتب جلا دیں۔

2فروری کو مشترکہ دشمن نے قندوز کے ضلع گل تیپہ کے علاقے باغ شرکت میں ‘بی ایچ سی’ کے زیرانتظام چلنے والے ایک کلینک، قریبی اسکول اور گھروں پر بمباری کی، جس سے متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ صوبہ اروزگان کے صدر مقام ترین کوٹ کے علاقے دہ جوز میں سفاک دشمن نے بمباری کی، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 12 شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔ امریکی فوج نے 5فروری کو صوبہ قندوز کے ضلع خان آباد کے علاقے محفل تره خیل میں ایک دینی مدرسے ‘تحصیل القرآن’ پر ڈرون حملہ کیا، جس سے مدرسہ تباہ اور تین طلبا شہید ہوگئے۔ اسی دن صوبہ فاریاب کے ضلع شیرین تگاب کے علاقے کوہ صیاد کے رہائشی ‘زین اللہ ولد غلام سخی’ کو اربکی کمانڈر غلام سخی نے شہید کر دیا۔ صوبہ بادغیس کے ضلع مقر کے علاقے نورنخیل میں افغان فوج نے ایک بچے کو شہید اور 16 شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین کے علاقے سرہ بند میں امریکی ڈرون حملے میں دو عام شہری شہید ہوگئے۔ صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے قلعہ گیز میں امریکی ڈرون حملے میں ایک شہری شہید ہوگیا۔ صوبہ بلخ کے ضلع چاہی کے قریب افغان فوج نے ایک شہری ‘محمد گل’ کو شہید کر دیا۔

امریکی فوج نے 6فروری کو صوبہ فاریاب کے ضلع قیصار کے علاقے بیش کپہ میں عام شہریوں کے گھروں پر بمباری کی، جس میں ایک خاتون اور تین بچے شہید ہو گئے۔ جب کہ دو بچے زخمی ہوگئے۔ صوبہ ہلمند کے ضلع دیشو کے علاقے رباط میں مشترکہ فوج نے دو دیہاتیوں کو شہید اور چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ امریکی فوج نے صوبہ ہلمند کے ضلع دیشو کے علاقے ربط میں عام شہریوں کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا۔ جس سے دونوں گاڑیاں تباہ اور دس عام شہری شہید ہوگئے۔

7فروری کو صوبہ بادغیس کے ضلع سنگ اتش کے گاؤں محمدزو میں دشمن فوج کے ایک چھاپے میں 3 شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ امریکی اور افغان فوج نے صوبہ پکتیا کے ضلع زرمت کے علاقے سہاک پر چھاپہ مارا۔ گھروں کے دروازے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیے۔ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ قیمتی چیزیں لوٹ لیں اور گاؤں کے پیش امام سمیت تین شہریوں کو شہید کر دیا۔

8فروری کو صوبہ میدان وردگ کے ضلع جلگہ کے گاؤں حکیم خیل میں ڈرون حملے میں 3 طلبا ‘محمد خالد، مسیح اللہ اور وحید اللہ’ شہید اور ایک شخص زخمی کر دیا گیا۔ صوبہ پکتیا کے مرکز کے قریبی علاقے چوہنی میں امریکی ڈرون حملے میں ایک بچے سمیت تین شہری شہید ہوگئے۔ امریکی فوج نے صوبہ بادغیس کے ضلع بالامرغاب کے علاقے غورغتو میں حاجی عبد السلام اکا کی مسجد پر ڈرون حملہ کیا، جس میں سات نمازی اور طلبہ شہید اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ صوبہ زابل کے ضلع ارغنداب کے گاؤں سردار میں امریکی فوج کی بمباری میں دو عام شہری ‘ڈاکٹر عتیق اللہ اور موسی خان’ شہید ہوگئے۔ صوبہ ہلمند کے ضلع دوااشیر میں امریکی ڈرون حملے میں دو عام شہری شہید ہوگئے۔ صوبہ بلخ کے ضلع چمتال کے قلعہ رضاق کے قریب مکان پر ڈرون حملے میں دو افراد شہید اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

9فروری کو افغان فوج نے صوبہ تخار کے قلعہ دشت میں عوام پر فائرنگ کی، جس میں دو خواتین سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔ امریکی فوج نے 10فروری کو صوبہ فراہ کے مرکز غلام ریگستان میں عام آدمی کی کار پر حملہ کیا، جس میں سوار 6 شہری شہید ہوگئے۔ اس کے علاوہ فراہ شہر کے علاقے کاریز شیخان میں بھی ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں پانچ شہری شہید ہوگئے۔

14فروری کو صوبہ ننگرہار کے ضلع سرخ رود کے علاقے ککڑک میں عام شہریوں کی گاڑیوں پر دشمن نے ڈرون حملہ کیا، جس میں دو گاڑیاں تباہ اور ان میں سوار 11 شہری شہید ہوگئے۔ 15فروری کو صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقے نئے اڈے میں پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے ایک ڈرائیور شہید ہوگیا۔ 16فروری کو صوبہ فاریاب کے ضلع قیصار کے وسطی علاقے میں افغان فوج کی فائرنگ سے تین شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ صوبہ ہلمند کے ضلع واشیر کے علاقے سنگیلان میں ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک شہری شہید، ایک زخمی، جب کہ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین کے علاقے امان اللہ کاریز میں افغان فوج کی فائرنگ سے ایک چرواہا شہید ہوگیا۔

17فروری کو امریکی فوج نے صوبہ ہرات کے ضلع رباط سنگی کے علاقے اربئی ماندہ میں شہری گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں 3 خواتین، سات بچے اور دو مرد شہید ہوگئے۔ صوبہ سرپل کے ضلع صیاد کے وسطی علاقے میں افغان فوج کی گولہ باری سے چار شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ 18فروری کو صوبہ لوگر کے ضلع محمدآغا کے علاقے سرخاب میں افغان فوج نے دو معصوم بچوں کو شہید کر دیا۔

20فروری کو صوبہ جوزجان کے ضلع اقچی میں حاجی خال مراد نامی قبائلی بزرگ اور ایک شہری کو شہید کر دیا۔ صوبہ کاپیسا کے ضلع نجراب کے علاقے غوچلان میں امریکی فوج کے فضائی حملے میں چھ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔

ذرائع: بی بی سی، آزادی ریڈیو، افغان اسلامک پریس، پژواک، خبریال، لر او بر، نن ڈاٹ ایشیا اور دیگر ویب سائٹس۔