کابل

رمضان المبارک کا احترام، امارت اسلامیہ نے ایک اور عوام دوست اقدام اٹھایا

رمضان المبارک کا احترام، امارت اسلامیہ نے ایک اور عوام دوست اقدام اٹھایا

کابل:
امارت اسلامیہ نے ایک بار پھر عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کے احترام میں مزید 6 اشیاء ضرورت پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کر دیا، وزارت خزانہ نے بنیادی ضرورت کی 6 اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی میں 17 فیصد سے 80 فیصد تک کمی کردی ہے۔ ان اشیاء میں آلو پر 80 فیصد ، ٹماٹر پر 64 فیصد، بھنڈی پر 61 فیصد، سیب پر 17 فیصد، کھجور پر 37 فیصد اور تربوز پر 42 فیصد کسٹم ڈیوٹی میں کمی کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی وزارت خزانہ نے اعلان کیا تھا کہ 17 بنیادی غذائی اشیا جیسے آٹا، گندم، گھی، چاول، چینی، چائے اور دیگر پر کسٹم ڈیوٹی 50 فیصد سے 70 فیصد تک کم کر دی گئی ہے۔ امارت اسلامیہ کے متعلقہ ادارے مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے مسلسل اقدامات اٹھارہے ہیں جس کے اثرات بھی شہروں میں نمایاں طور پر نظر آرہے ہیں اور عوام بھی اس پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امارت اسلامیہ نے پہلے ہی سے کسٹم ڈیوٹی میں نمایاں طور پر کمی کر دی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق کسٹم ڈیوٹی میں کمی خاص طور پر بنیادی اشیائے خوردونوش میں نظر آتی ہے۔ صرف گزشتہ مالی سال (1401) میں کسٹم ڈیوٹی میں 6 ارب 700 ملین افغانی کی رعایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوتا تھا تاہم اب امارت اسلامیہ نے تمام شہروں میں پرائس لسٹیں تقسیم کر دی ہیں جس کے مطابق کسی کو سرکاری نرخ نامہ سے زیادہ قیمت پر کسی چیز کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اس سلسلے میں تین روز قبل صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں قصائیوں نے حکومتی اعلانات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنی من مانی شروع کی تھی اور سرکاری ریٹ سے زیادہ قیمت پر گوشت فروخت کرتے تھے لیکن عوامی شکایات پر متعلقہ اداروں نے قصائیوں کی دکانوں پر چھاپے مارے اور گوشت کو دو سو افغانی پر نیلام کرکے قصائیوں کو سزا اور عوام کو ریلیف دینے کا انوکھا کارنامہ انجام دیا جس پر شہریوں نے مسرت کا اظہار کیا اور تاجروں اور دکانداروں سے بھی رمضان المبارک میں امارت اسلامیہ کی سبسڈی اور رعایت کے مطابق کم قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کو فروخت کرنے کا مطالبہ کیا اور امارت اسلامیہ کے عوام دوست اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔