کابل

نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر سے روزا اوتن بائیفا کی ملاقات

نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر سے روزا اوتن بائیفا کی ملاقات

کابل (بی این اے) امارت اسلامیہ کے نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ روزا اوتن بائیفا اور ان کی ہمراہی وفد سے کابل میں ملاقات کی ہے۔
ان کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف میدانوں میں حالیہ اہم کامیابیوں اور پیشرفت کی بنیاد پر بین الاقوامی برادری کو امارت اسلامیہ کے ساتھ تعمیری اور مثبت روابط رکھنے چاہییں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں اطلاعات و ثقافت کے قائم مقام وزیر ملا خیر اللہ خیرخواہ اور سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان مارکس پوٹزل نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر نے کہا کہ امارت اسلامیہ کے دوبارہ اقتدار میں آنے اور اسلامی نظام کے قیام کے بعد لوگ پرامن اور محفوظ ماحول میں رہ رہے ہیں۔ دنیا کو موجودہ حکومت کے ساتھ حقائق کی بنیاد پر مثبت روابط رکھنے چاہییں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کو درپیش جاری چیلنجوں جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی اور بے روزگاری کی بلند سطح پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو زمینی سطح پر ضروری تعاون کرنا چاہیے۔
بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان روزا اوتن بائیفا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حالیہ دوحہ اجلاس میں مشترکہ خیالات کے حامل شرکاء نے امارت اسلامیہ افغانستان کے ساتھ مثبت بات چیت پر زور دیتے ہوئے امدادی اداروں سے کہا کہ وہ افغانستان کے لوگوں کے لیے اپنی انسانی امداد جاری رکھیں۔
دوسری جانب قائم مقام وزیر اطلاعات و ثقافت ملا خیر اللہ خیرخواہ نے افغانوں کے لیے انسانی امداد کے تسلسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کئی دہائیوں سے تنازعات کا شکار ہے، خوش قسمتی سے گزشتہ حکومتوں کے مقابلے ملک بھر میں بہتر سیکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امارت اسلامیہ کو آئندہ ہونے والے ایسے اجلاسوں میں مدعو کیا جانا چاہیے، کیونکہ افغانوں کے حقیقی نمائندگی کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی اجلاس مثبت نتیجہ نہیں دے گی۔