کابل

افغانستان اور روس کے درمیان اچھے سیاسی و اقتصادی تعلقات ہیں: ملا عبدالغنی برادر اخوند

افغانستان اور روس کے درمیان اچھے سیاسی و اقتصادی تعلقات ہیں: ملا عبدالغنی برادر اخوند

 

کابل( بی این اے) نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر آخوند نے روسی صدر کے مشیر اور موسمیاتی شعبے میں صدر کے خصوصی نمائندے روسلان عادلگیریف سے ملاقات کی۔

باختر نیوز کی رپورٹ کے مطابق
ملاقات میں امارت اسلامیہ افغانستان اور روس کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون، افغانستان میں روسی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں مشترکہ تعاون اور افغانستان اور روس کے درمیان سیاسی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ: افغانستان اور روس کے درمیان اچھے سیاسی و اقتصادی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو ان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور کسی کو ان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

ملا برادر اخوند نے مزید کہا کہ اب افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال کے مضبوط ہونے سے سرمایہ کاری کے لیے پہلے سے بہتر ماحول میسر آگیا ہے اور روسی سرمایہ کار یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنسوں میں افغانستان کے نمائندے کی موجودگی پر بھی تاکید کی اور کہا کہ افغانستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس نقصان کے بدلے میں اس کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔

روسلان عادلگیریف نے افغانستان میں ہونے والی سیاسی و اقتصادی پیش رفت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ افغانستان میں حالیہ پیش رفت کی حقیقی تصویر روس کی حکومت اور عوام کے ساتھ شیئر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں مکمل امن وامان کے ساتھ بہت سے روسی سرمایہ کار یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔