کابل

افغانستان سے پہلی بار 6 لاکھ ڈالر مالیت کے ڈرپ عراق کو برآمد

افغانستان سے پہلی بار 6 لاکھ ڈالر مالیت کے ڈرپ عراق کو برآمد

 

کابل (بی این اے) افغانستان سے آج پہلی بار کابل میں واقع “نیشنل شفاء فارماسیوٹیکل” کمپنی کی تیار کردہ 6 لاکھ ڈالر مالیت کے ڈرپس کی 1.8 ملین بوتلیں عراق کو برآمد کی گئیں ۔
باختر نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ “نیشنل شفاء فارماسیوٹیکل” کمپنی کے سربراہ نثار احمد ترہ کئی نے کہا کہ امارت اسلامیہ کے دوبارہ قیام کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی طور پر سیکورٹی کی بہتر صورتحال کو یقینی بنایا گیا ہے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع میسر آگئے ہیں۔

ڈرپ بنانے والی “نیشنل شفاء فارماسیوٹیکل” کمپنی نے 2018ء میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے اپنا کام شروع کیا تھا اور اب اس فیکٹری کی سرمایہ کاری کی سطح 20 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
یہ فیکٹری سالانہ 43 ملین 2 لاکھ ڈرپ کی بوتلیں اور 70 ملین سرنجیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، فیکٹری میں 350 پیشہ ور فارماسسٹ، کیمسٹ، مائکرو بایولوجسٹ، انجینئرز اور ہنر مند کارکن کام کر رہے ہیں۔

نیشنل فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری عمر نے کہا: “تین سالوں میں، ہم نے صنعت اور معیشت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے جو پیش رفت دیکھی ہے؛ یہ ملک کی حالیہ تاریخ میں ظالمانہ پابندیوں کے باوجود ایک بے مثال کارکردگی ہے۔
انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ملکی پیداوار کو سپورٹ کریں اور ادویات کی درآمد سے گریز کریں جو ملکی مصنوعات کو کمزور کرنے کا باعث بنتی ہیں۔