کابل

افغانستان کی برآمدات 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزارت صنعت و تجارت

افغانستان کی برآمدات 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزارت صنعت و تجارت

(یک سالہ کارکردگی رپورٹ)
کابل :
وزیر صنعت و تجارت نے حکومتی احتساب پروگرام کے سلسلے میں میڈیا سنٹر میں قوم کے سامنے ایک سال کی کارکردگی اور کامیابیوں کی رپورٹ پیش کر دی۔
وزیر صنعت و تجارت جناب نورالدین عزیزی نے پریس کانفرنس میں اپنی وزارت کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران ہم نے برآمدات بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے تھے، جن کی بدولت افغانستان کی برآمدات تقریباً 2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے دوران 80 فیصد کارخانے فعال ہوچکے ہیں، ملکی مصنوعات کے استعمال اور فروغ کا منصوبہ امارت اسلامیہ کی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا ہے اور صنعت کاروں کے منافع ٹیکس میں کمی کی گئی ہے جسے 4 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دیا گیا ہے اور 7 فیصد ایکسائز ٹیکس معاف کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق، پچھلے سال کے دوران وزارت صنعت و تجارت نے تجارتی شعبے میں برآمدات اور ٹرانزٹ میں اضافہ کیا، مارکیٹ کے ضابطے اور تجارتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے صنعتی اور تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا گیا اور علاقائی سطح پر فعال تجارتی سفارت کاری کو فروغ دیا گیا، تجارت کو مزید منظم کرنے کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کیے گئے اور ان ممالک میں افغان تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی اور ملکی سطح پر بنیادی اشیاء ضرورت کی قیمتوں کو کنٹرول کیا گیا۔
وزیر صنعت و تجارت کا کہنا تھا کہ ملکی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں 150 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق الیکٹرانک گورننس کو فروغ دینے کے لیے برآمدات بڑھانے، صنعتی اور پیداواری پلانٹس کے ڈیٹا بیس کی تشکیل، وقت کی ضرورت کے پیش نظر وزارت تجارت کے نظام کو وزارت خزانہ کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے جدید خطوط پر پر استوار کرنا اور نئی ایجادات اور صنعتی خدمات کو فروغ دینے کے لئے رجسٹریشن کے نظام کی تشکیل وزارت صنعت و تجارت کی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔
تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے، منظم سسٹم کی تشکیل، صنعتوں کی ترقی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے اور درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے وزارت صنعت و تجارت نے گزشتہ سال کے دوران متعدد اقدامات اٹھائے تھے جن کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں