کابل

افغانستان کے بینکنگ سسٹم پر پابندیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنارہی ہیں اسے جلد ختم ہونا چاہیے: مولوی عبدالکبیر

افغانستان کے بینکنگ سسٹم پر پابندیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنارہی ہیں اسے جلد ختم ہونا چاہیے: مولوی عبدالکبیر

 

کابل( بی این اے ) افغان ہلال احمر سوسائٹی نے متعدد اعلیٰ سرکاری حکام کی موجودگی میں قومی معاشروں کی بین الاقوامی تحریک کے سلسلے میں “انسانیت کو زندہ رکھنا” کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کی۔
نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر نے تقریب کو اس وجہ سے اہم قرار دیا کیونکہ افغانستان اور فلسطین سمیت کئی اسلامی ممالک میں لاکھوں افراد کو ہلال احمر اور ریڈ کراس کی سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ جن کی سرگرمیوں کی وجہ سے لاکھوں جانیں بچ چکی ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان میں ریڈ کراس اور ہلال احمر کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور افغانستان میں ان کے رضاکاروں کی سرگرمیوں اور خدمات پر ان کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کی حاکمیت سے اگرچہ جنگ ختم ہو گئی ہے اور مجموعی طور پر سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے لیکن لاکھوں افغانوں کو اب بھی انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں اقتصادی استحکام کے لیے افغانستان کے مختلف حصوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور متعدد پر عمل درآمد جا ری ہے۔
امارت اسلامیہ خطے میں اقتصادی مواقع سے استفادہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور اس وقت خطے کے ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بینکنگ نظام پر پابندیاں، غیر ملکی امداد کی کمی اور اقتصادی چیلنجز صورتحال کو پیچیدہ بنا رہی ہیں۔ یہ امارت اسلامیہ کی سرگرمیوں کو محدود کرتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بینکاری نظام پر پابندیوں کو ختم کیا جائے ۔