کابل

افغان سرمایہ کار نے توانائی اور ریلوے کے شعبوں میں 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

افغان سرمایہ کار نے توانائی اور ریلوے کے شعبوں میں 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

 

کابل (خصوصی رپورٹ)
افغان سرمایہ کار میروائس عزیزی کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں وہ افغانستان کے ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔

میرویس عزیزی جو دبئی میں اہم تعمیراتی کمپنیوں کے مالک ہیں اور افغانستان میں دو وسیع بینکنگ نیٹ ورکس رکھتے ہیں، نے یہ اعلان ہرات کے ضلع زندہ جان میں ان کی فاؤنڈیشن کی جانب سے زلزلہ زدگان کے لیے تعمیر کیے گئے ہاوسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب میں کیا۔
یہ ہاوسنگ اسکیم جس میں تقریباً 220 مکانات، اسکول، مساجد اور پارکس موجود ہیں، عزیزی فاؤنڈیشن نے 200 ملین افغانی کی لاگت سے تعمیر کیا تھا۔

اس سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی امداد فراہم کر چکے ہیں لیکن اس امداد کے دیرپا اثرات نہیں ہوتے اس لئے وہ اب بنیادی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ توانائی اور ریلوے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کروں اور آج اس ضلع زندہ جان سے پورے افغانستان کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں اگلے چند دنوں میں اپنے وطن عزیز میں دس ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کروں گا، یہ بہت بڑی سرمایہ کاری ہے، اس سے پہلے کسی نے اتنی بڑی سرمایہ کاری اس ملک میں نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ میروائس عزیزی نے جولائی 2023 میں کہا تھا کہ وہ افغانستان میں کینسر کے علاج کا ایک جدید اسپتال، ایک زچگی کا اسپتال اور یتیموں کے لیے ایک یتیم خانہ بنانا چاہتے ہیں۔

عزیزی گروپ کے سربراہ میروائس عزیزی، جو متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہیں، نے گزشتہ رمضان میں غریبوں کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ایک پروگرام میں 100 ملین درہم کا عطیہ دیا، جو کہ تقریباً 29 ملین ڈالر ہے۔

اس کے علاوہ معدنی ذخائر میں بھی مختلف ملکی اور بیرونی کمپنیوں نے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری شروع کی ہے اور رواں سال کے دوران مزید اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، امارت اسلامیہ نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے جو سلسلہ شروع کیا ہے اور وسیع پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا جو آغاز کیا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے ببانگ دہل یہ کہا جا سکتا ہے کہ عنقریب افغانستان دنیا کی سطح پر ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا۔ کیونکہ افغانستان قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے مالا مال ملک ہے جس میں ایک اندازے کے مطابق 14 سو سے زائد ذخائر موجود ہیں جن کی مالیت کھربوں ڈالرز ہیں۔