کابل

امارت اسلامیہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتی ہے:افغان وزیر خارجہ

امارت اسلامیہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتی ہے:افغان وزیر خارجہ

کابل(بی این اے )
افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان توماس نکلاسن نے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد تکل کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں افغانستان سے متعلق لندن میں ہونے والے حالیہ اجلاس، گزشتہ ہفتے کابل میں وزارت خارجہ کے زیر اہتمام افغانستان کے علاقائی تعاون کا افتتاحی اجلاس، دوحہ میں افغانستان کے بارے میں مختلف ممالک اور تنظیموں کے نمائندوں کا اگلا اجلاس اور یورپی یونین کی جانب سے ترقیاتی امداد کی فراہمی، یورپ میں مقیم افغانوں کے لیے قونصلر خدمات اور متعدد دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ضیاء احمد تکل نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے نے لندن اجلاس کے بارے میں وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کو آگاہ کیا، نیز کابل میں افغانستان کے علاقائی تعاون کے افتتاحی اجلاس کی کامیابی سے تکمیل پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئےخطے اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ایسی ملاقاتوں کو مفید قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی رکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ آئندہ دوحہ میں ہونے والا اجلاس افغانستان اور دنیا کے درمیان ایک مثبت مرحلے کا آغاز ہوگا۔
توماس نکلاسن کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا افغان حکومت دوحہ اجلاس میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ امارت اسلامیہ اس اجلاس کے بارے میں مجموعی طور پر مثبت رائے رکھتی ہے، اور بامعنی شرکت پر غور کر رہی ہے۔
آخر میں، فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کی مضبوطی اور بہتری پر زور دیا۔