کابل

انسداد گداگری مہم، ایک سال میں 36 ہزار بھکاریوں کو تحویل میں لیا گیا۔ وزارت محنت اور سماجی امور

انسداد گداگری مہم، ایک سال میں 36 ہزار بھکاریوں کو تحویل میں لیا گیا۔ وزارت محنت اور سماجی امور

سالانہ کارکردگی رپورٹ

کابل [الامارہ اردو]
وزارت محنت و سماجی امور کے حکام نے گورنمنٹ میڈیا سینٹر میں حکومت کے احتساب پروگرام کے تحت پریس کانفرنس میں گزشتہ ایک سال کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کی رپورٹ قوم کے سامنے پیش کر دی۔

وزارت محنت و سماجی امور کے حکام نے کہا کہ امارت اسلامیہ کے رئیس الوزراء کے نائب برائے اقتصادی امور ملا بردار اخوند کی ہدایت پر قائم ہونے والی کمیٹی کی جانب سے کابل شہر میں انسداد گداگری مہم کے سلسلے میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور ایک سال میں 36 ہزار سے زائد بھکاریوں کو تحویل میں لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے دوران ملک کی سطح پر 43774 افراد کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت دی گئی، 216068 مظلوم خاندانوں اور بچوں کی مدد کی گئی۔ نیز وفاقی دارالحکومت اور صوبوں میں سرکاری اور نجی دارالیتام کے ذریعے لڑکیوں سمیت 8579 یتیموں کو خدمات فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں 52121 ملکی اور 1534 غیر ملکی شہریوں کو پیشہ ورانہ کام کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 9 صوبوں میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں 1503 افراد کو رپورٹ تیار کرنے اور ان کی صلاحیت بڑھانے کے لئے مختلف کورسز کا انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح منشیات کے جن عادی افراد کا علاج کیا گیا ان کے لئے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی مرکز کھول دیا گیا جہاں 530 افراد فنی تربیت حاصل کررہے ہیں۔

ان کے مطابق تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم، بچوں کی تربیت، سرکاری دارالیتام کا تعاون، سماجی تحفظ اور غریب خاندانوں کے لئے چھوٹے کاروبار کی فراہمی کی غرض سے 79 ملکی اور غیر ملکی رفاہی اداروں کے ساتھ 48 ملین ڈالر، ساڑھے تین ملین یورو اور 1.4 ارب افغانی کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام منصوبے بلا امتیاز تمام صوبوں میں مکمل کئے گئے ہیں، ان منصوبوں سے 9۔3 ملین افغان عوام مستفید ہو گئے ہیں۔

بے روزگاری اور غربت کے خاتمے اور معیشت کی بہتری کے لئے شہریوں کو ملک سے بیرون بجھوانے کے لئے مواقع فراہم کرنا، امارت اسلامیہ اور غیر ملکی رفاہی تنظیموں کے عملے کو لائسنس فراہم کرنا، بچوں کے تحفظ کے لئے 220 نیٹ ورکس کی حمایت اور ان کی توسیع کرنا اور کابل شہر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کے بعد 2 ہزار افراد کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم دینا گزشتہ سال کے دوران وزارت محنت و سماجی امور کی اہم سرگرمیاں تھیں۔