کابل

جبل سراج سیمنٹ منصوبہ اہم پیشرفت ہے

جبل سراج سیمنٹ منصوبہ اہم پیشرفت ہے

 

کابل۔ خصوصی رپورٹ
امارت اسلامیہ افغانستان کے حکام نے قطری سرمایہ کار کے ساتھ جبل السراج سیمنٹ منصوبے میں 200 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
امارت اسلامیہ کے وزیر معدنیات و پٹرولیم شیخ شہاب الدین دلاور نے صوبہ پروان کے ضلع جبل السراج میں سیمنٹ کے منصوبے پر دستخط کی تقریب میں کہا کہ جبل السراج سیمنٹ میں دو سو ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جس میں پانچ ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جبل سراج سیمنٹ پروجیکٹ میں سالانہ ڈیڑھ ملین ٹن سیمنٹ پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی۔

وزارت معدنیات و پیٹرولیم کے ترجمان ہمایوں افغان نے X پر لکھا “غیر ملکی امداد کے بجائے ہم سرمایہ کو لانے کی کوشش کرتے ہیں، انفراسٹرکچر بناتے ہیں اور ایک ضرورت مند اور درآمد کرنے والے ملک کو خود کفیل اور برآمد کرنے والے ملک میں تبدیل کریں گے۔”

یہ معاہدہ قطری کمپنیوں عوفی بہرام، الفلاح العالمی اور مجموعہ المھام الدولی کے ساتھ کیا گیا ہے۔
مھام الدولی کمپنی کے سربراہ نے اس معاہدے کو افغانستان کی ترقی کے لیے ایک “بڑا قدم” قرار دیا جس سے بہت سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔

امارت اسلامیہ نے بعض بڑے اقتصادی منصوبوں پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، صوبہ بلخ میں قوش تپہ نہر کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرا مرحلہ کل ایک پروقار افتتاحی تقریب میں شروع کر دیا۔

اس سے قبل امارت اسلامیہ نے سات بڑی کانوں میں ساڑھے 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے،

علاوہ ازیں صوبہ تخار میں چین اور افغانستان کی مشترکہ کمپنی کے ساتھ سونے کی کان میں 310 ملین ڈالر مالیت کا معاہدہ پانچ سال کے لیے کیا گیا تھا۔

نیز صوبہ لوگر میں مس عینک ٹو کان میں تویار پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ 411 ملین ڈالر مالیت کا 30 سال کی مدت کے لیے معاہدہ کیا گیا، صوبہ غور میں سرب اور جست 2 بلاکس جس کی مالیت 537 ملین ڈالر ہے، افغان انویسٹ اور ایبیکو کمپنیوں کو 30 سال کی مدت کے لیے دیا گیا، غوریاں میں لوہے کی کان کے پہلے بلاک میں وطن درخشاں اور دو دیگر کمپنیوں کے ساتھ 30 سال کی مدت کے لیے 2.8 بلین ڈالر مالیت کے معاہدے کئے گئے.