کابل

خطے میں چین اور افغانستان کےتعلقات بے مثال ہیں: چینی سفیر

خطے میں چین اور افغانستان کےتعلقات بے مثال ہیں: چینی سفیر

 

کابل ( الامارہ ) افغانستان میں چین کے سفیر ژاؤ شینگ نے نائب وزیراعظم برائے انتظامی مولوی عبدالسلام حنفی سے ملاقات میں افغانستان اور چین کے تعلقات کو خطے کی سطح پر بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ژاو شینگ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین نے افغان طلباء کے لیے مختلف شعبوں میں تعلیمی مواقع فراہم کیے ہیں اور طب سمیت دیگر شعبوں میں افغانوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے قلیل مدتی مطالعاتی کورسز ترتیب دیے جارہے ہیں۔
انہوں نے افغانستان میں حالیہ سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے چین کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا۔
دریں اثناء نائب وزیراعظم مولوی عبدالسلام حنفی نے افغانستان کے ساتھ چین کے تعلقات کی تعریف کی اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے چین کے ون بیلٹ ون روڈ جیسے اقتصادی منصوبوں کی بھی حمایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور کسی کو بھی افغانستان کی سرزمین اپنے پڑوسیوں، خطے اور خطے سے باہر کے ممالک کی سلامتی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی ۔ انہوں نے دیگر ممالک سے بھی باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات نبھانے کی درخواست کی۔