کابل

دریائے آمو آئل فیلڈ سے یومیہ تیل کا استخراج 1350 ٹن تک پہنچ گیا: وزارت معدنیات و پیٹرولیم

دریائے آمو آئل فیلڈ سے یومیہ تیل کا استخراج 1350 ٹن تک پہنچ گیا: وزارت معدنیات و پیٹرولیم

 

کابل ( الامارہ ) دریائے آمو آئل فیلڈ میں 6 نئے کنوؤں کی کھدائی اور فعال ہونے سے کنوؤں کی تعداد 24 تک پہنچ گئی جس کے ساتھ یومیہ تیل نکالنے کی شرح 1350 ٹن تک پہنچ گئی۔
وزارت معدنیات و پیٹرولیم کے ترجمان ہمایون افغان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ” آمو دریا آئل فیلڈ شمالی صوبوں سرپل، جوزجان اور فاریاب میں واقع ہے۔ جہاں اس وقت قشقری بلاک میں 15 کنویں، انگوٹ بلاک میں 6 اور آق دریا میں 3 کنویں فعال ہیں، اور ان سے یومیہ تیل نکالنے کا حجم 1350 ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ جو اس سے قبل 1100 ٹن تھا ۔
استخراج شدہ خام تیل کی ریفائننگ کا کام ملک کے اندر پرائیویٹ سیکٹر کرتا ہے۔

2024ء کے آخر تک قشقری بلاک میں 12 کنویں، زمرد سائی میں 8، بازار کامی میں 1 کنواں اور آق دریا میں 2 کنویں کھودے جائیں گے جس کے بعد فعال کنوؤں کی تعداد بڑھ کر 47 ہو جائے گی اور روزانہ تیل کا استخراج 3 ہزار ٹن تک پہنچ جائے گا ۔

یاد رہے دریا آئل فیلڈ میں اس وقت 1500 افراد بالواسطہ اور بلاواسطہ کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں یہاں کنوؤں کی تعداد میں اضافے سے مزید لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔