کابل

ماسکو کے ساتھ کابل کے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں: مولوی عبدالکبیر

ماسکو کے ساتھ کابل کے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں: مولوی عبدالکبیر

کابل ( بی این اے ) امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر سے آج کابل میں روسی سفیر دیمتری ژیرنوف نےملاقات کی۔

ملاقات میں روسی سفیر دیمتری ژیرنوف نے کہا کہ روس افغانستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون اور تعامل کے فروغ سے خطے کے استحکام اور افغانستان کی اقتصادی مضبوطی میں مدد مل سکتی ہے۔

دیمتری ژیرنوف نے افغانستان کے بارے میں بین الاقوامی اجلاسوں میں روس کے مثبت موقف کا ذکر کیا اور کہا کہ ماسکو اہم اجلاسوں اور کانفرنسز میں امارت اسلامیہ کے موقف کی تائید کرتا آیا ہے۔

انہوں نے نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر کو تاتارستان کے شہر کازان میں ہونے والے بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی اور اجلاس کے بارے میں معلومات بھی فراہم کیں۔

بعد ازاں امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر نے روسی سفیر کا خیر مقدم کیا اور افغانستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں روس کے تعاون اور مدد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو کے ساتھ کابل کے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد اور خطے کے استحکام کے لیے اہم ہیں۔

مولوی عبدالکبیر نے سرکاری دعوت پر روسی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو اہم اور دوستانہ قرار دیا اور روسی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ افغانستان میں سرمایہ کاری کریں۔