تہران

ملا عبدالغنی برادر کی ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ سے ملاقات

ملا عبدالغنی برادر کی ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ سے ملاقات

 

کابل(بی این اے)نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے دورہ ایران کے دوران ایران کے سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی اکبر احمدیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اچھی ہم آہنگی، پانی کے انتظام، ٹرانزٹ اور ایران کے ذریعے افغانستان کی برآمدات اور درآمدات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملا عبدالغنی برادر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں ہمیشہ اچھے اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور گزشتہ دو سالوں کے دوران ان تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔ ترقی کے لیے مل کر کوششیں کی گئی ہیں اور یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں۔
ان کے بقول اپنے تزویراتی محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے افغانستان اور ایران دو اچھے اقتصادی شراکت دار بن سکتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے دو طرفہ تعاون اور تیکنیکی ٹیموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ملا عبدالغنی برادر نے مہاجرین کی میزبانی پر ایران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دریں اثناء ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ملا عبدالغنی برادر کو ایران میں مقیم افغان مہاجرین کے مسائل پر تعاون اور اچھے سلوک کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے ٹرانزٹ مسائل کا بھی حوالہ دیا اور کہا: چین کے ون بیلٹ اینڈ ون روڈ منصوبے میں ایران اور افغانستان کا بہت اہم کردار ہے، جو چین کو ایران، عراق، شام اور بحیرہ روم سے ملاتا ہے اور افغانستان کے راستے یورپ تک پہنچا سکتا ہے۔
ملاقات کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور کسی کو ایران اور افغانستان کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دیں۔