پڑوسی ممالک کو بے بنیاد الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔وزیر خارجہ

پڑوسی ممالک کو بے بنیاد الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔وزیر خارجہ رپورٹ:سیف العادل احرار امارت اسلامیہ کے وزیر خارجہ محترم مولوی امیر خان متقی نے دنیا بالخصوص پڑوسی ممالک سے کہا کہ وہ افغانستان میں “داعش کے وجود کے بارے میں الزامات لگانے سے باز رہیں”۔ وہ افغانستان سے سوویت افواج کے انخلاء کی 34 ویں […]

پڑوسی ممالک کو بے بنیاد الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔وزیر خارجہ

رپورٹ:سیف العادل احرار
امارت اسلامیہ کے وزیر خارجہ محترم مولوی امیر خان متقی نے دنیا بالخصوص پڑوسی ممالک سے کہا کہ وہ افغانستان میں “داعش کے وجود کے بارے میں الزامات لگانے سے باز رہیں”۔ وہ افغانستان سے سوویت افواج کے انخلاء کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے روس کی قیادت میں مشترکہ سلامتی معاہدے کی تنظیم کے تازہ ترین بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر داعش کا کوئی رکن افغانستان میں سر اٹھاتا ہے تو اسےکچل دیاجاتا ہے جیسا کہ سب نے دیکھا ہے۔ انہوں نے افغانستان کے شمالی ہمسایہ ممالک کے حالیہ اجلاس اور خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی افغانستان آکر سب کچھ قریب سے دیکھ سکتا ہے ہم اس کے ساتھ تعاون اور گفتگو کریں گے لیکن الزامات نہ لگائے جائیں۔
واضح رہے کہ روس کی قیادت میں مشترکہ سلامتی معاہدہ نامی علاقائی تنظیم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ داعش نے افغانستان کے شمال میں تاجکستان کی سرحد کے قریب تخار، قندوز اور بدخشان میں 4000 عسکریت پسندوں کو تعینات کیا ہے۔اس تنظیم نے اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ افغانستان میں موجود انتہا پسند عسکری گروپس وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ جوائنٹ سیکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن، جس کی سربراہی روس کر رہا ہے اور اس میں تاجکستان، قازقستان، کرغزستان، بیلاروس اور آرمینیا شامل ہیں، نے تاجکستان کے ساتھ افغان سرحد کے قریب داعش کے جنگجوؤں کی تعیناتی کاالزام عائد کیاہے۔
لیکن امارت اسلامیہ کے وزیر خارجہ محترم مولوی امیر خان متقی نے ان کے خدشات اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ بے بنیاد الزامات لگانے سے اجتناب کریں کیونکہ افغانستان میں داعش سمیت کسی عسکری تنظیم کا وجود نہیں ہے، اگر کہیں پر بھی داعش کا کوئی رکن سر اٹھاتا ہے تو اس کو مار دیا جاتا ہے، اب تک افغانستان میں سینکڑوں داعش جنگجو ہلاک یا گرفتارہوچکے ہیں۔اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز نے دو روز قبل بھی دارالحکومت کابل میں داعش کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔امارت اسلامیہ کے ترجمان محترم ذبیح اللہ مجاہدکے مطابق اس کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے “داعش” کے ان ارکان کو نشانہ بنایا جو کابل میں تازہ ترین حملوں میں ملوث تھے۔ ان کے مطابق اس کارروائی میں کچھ غیر ملکیوں کوبھی گرفتار کیا گیا جن میں کچھ خواتین بھی شامل ہیں۔