کابل

ہماری حکومت جامع اور جوابدہ ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد

ہماری حکومت جامع اور جوابدہ ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد

 

کابل.
امارت اسلامیہ افغانستان نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں جامع حکومت اور جوابدہ قائم ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے دو روز قبل کہا تھا کہ افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے نہ صرف قومی بلکہ سیاسی لحاظ سے بھی مخلوط حکومت بنانا ضروری ہے۔

امارت اسلامیہ کے ترجمان مولوی ذبیح اللہ مجاہد نے نیشنل ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی ممالک کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، اب افغانستان میں ایک ذمہ دار حکومت قائم ہے جس نے اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ وہ حکومت ہے جس کا عوام نے مطالبہ کیا تھا اور الحمدللہ اب پورے ملک میں مرکزی حکومت کی رٹ قائم ہے۔دوسرے ممالک کو چاہیے کہ وہ افغانستان اور افغانوں کے ساتھ تعاون کریں مگر افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

ان کے مطابق جس طرح افغانستان دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اسی طرح دوسرے ممالک کو بھی افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔ ہم روس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور ہماری ان سے بھی یہی درخواست ہے۔

واضح رہے کہ روس ان ممالک میں سے ایک ہے جس کے امارت اسلامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہیں۔

امارت اسلامیہ کے قیام کے بعد افغانستان اور وسطی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری آئی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آرہی ہے جب کہ امارت اسلامیہ کی پالیسی یہ ہے کہ وہ تمام ممالک بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتی ہے جس کے تجارتی تعلقات پر اچھے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔