کابل

6 لاکھ سے زائد معذوروں، بیواؤں اور یتیموں کو رجسٹر کیا ہے جنہیں ماہانہ ادائیگی کررہے ہیں۔ وزارت شہداء و معذورین

6 لاکھ سے زائد معذوروں، بیواؤں اور یتیموں کو رجسٹر کیا ہے جنہیں ماہانہ ادائیگی کررہے ہیں۔ وزارت شہداء و معذورین

سالانہ کارکردگی رپورٹ

کابل (الامارہ اردو)
وزارت شہداء اور معذورین کے امور کے حکام نے گورنمنٹ میڈیا سنٹر میں حکومت کے احتساب پروگرام میں پریس کانفرنس کے دوران اپنی وزارت کی ایک سالہ سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں قوم کے سامنے رپورٹ پیش کر دی۔
وزارت شہداء کے حکام نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کے دوران کل 638,954 معذور افراد، بیواؤں اور یتیموں کو رجسٹرڈ کیا، جن میں 149,672 معذور مرد اور 30,777 معذور خواتین، 371,420 یتیم اور 87087 بیوہ شامل ہیں۔
ان کے مطابق گزشتہ سال کے دوران ایک ارب 36 کروڑ افغانی شہداء کے ورثاء، بیواؤں اور معذوروں کو بینکنگ سسٹم کے ذریعے ادا کیا گیا۔
اس وزارت کے مالیاتی اور انتظامی ڈائریکٹر مولوی کلیم اللہ افغان نے بتایا کہ رواں سال انہیں حکومت کی طرف سے 12 ارب افغانی کا بجٹ ملا ہے اور اس میں سے اب تک 5 ارب خرچ کر چکے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال کے بجٹ میں دو ارب افغانی کا اضافہ ہوا ہے۔
ان کے مطابق بیواؤں، یتیموں اور معذور افراد کی رجسٹریشن کے عمل میں انہوں نے اپنے سابقہ تجربات کے علاوہ ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے یہ عمل مزید شفاف ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رجسٹرڈ بیواؤں، یتیموں اور معذور افراد کا دوبارہ سروے شروع کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 12000 غیر مستحق یتیموں اور بیواؤں اور 7500 کے قریب غیر مستحق معذور افراد کو سسٹم سے نکال دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق حال ہی میں انہوں نے 18 صوبوں میں بیواؤں، یتیموں اور معذور افراد کی بائیو میٹرک رجسٹریشن شروع کی ہے اور جلد ہی اس سلسلے کو دوسرے صوبوں تک بھی پھیلا دیں گے، جن میں 77699 افراد کو الیکٹرانک نظام کے ذریعے رجسٹرڈ کیا گیا جن میں 43995 افراد معذور اور34602 بیوائیں اور یتیم شامل ہیں۔
ان کے مطابق ان رجسٹرڈ افراد میں امارت اسلامیہ کے مجاہدین، پچھلی انتظامیہ کے اہل کاروں اور عام شہریوں کی بیوائیں، یتیم اور معذور افراد شامل ہیں۔
ان کے مطابق شہداء اور معذور افراد کو پرائیویٹ بینکوں کے ذریعے ماہانہ مقررہ تنخواہ دی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیواؤں، یتیموں اور معذوروں کو غذائی، غیر غذائی اشیاء اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے لئے 23 ملکی اور عالمی رفاہی اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔
اسی طرح ڈیڑھ لاکھ یتیموں، بیواؤں اور معذوروں کو تقریباً 350 ملین افغانی نقد رقم، وہیل چیئرز، غذائی اور غیر غذائی اشیاء مہیا کی گئی ہیں۔
حج کی ادائیگی کی غرض سے وزارت حج و اوقاف کو 952 معذور افراد اور شہداء کے ورثاء کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 80 معذور افراد اور شہداء کے ورثاء کو 4 ماہ پر مشتمل فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے۔ جب کہ 198 معذور افراد کو مختلف سرکاری اداروں میں ملازمت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں دیگر صوبوں تک الیکٹرانک سسٹم کی توسیع، معذور افراد اور شہداء کے ورثاء کے لیے ملکی اور عالمی رفاہی اداروں سے امداد حاصل کرنا، معذور افراد اور شہداء کے ورثاء کو کام کے مواقع فراہم کرنا اور ان کے لیے مصنوعی اعضاء تیار کرنا گزشتہ سال کے دوران اس وزارت کے اہم منصوبے تھے۔