کابل

جبل السراج میں 220 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے سمینٹ فیکٹری کا معاہدہ طے پایا

جبل السراج میں 220 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے سمینٹ فیکٹری کا معاہدہ طے پایا

رپورٹ: الامارہ اردو
افغان حکومت نے صوبہ پروان کے ضلع جبل السراج میں دو ملکی اور ایک قطری کمپنی کے ساتھ سمینٹ فیکٹری کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے پر وزیر مائنز اینڈ پیٹرولیم شیخ شہاب الدین دلاور اور کمپنی مالکان نے دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق فیکٹری پر 220 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی جو سالانہ 1.5 ملین ٹن سمینٹ فراہم کرے گی۔ یہ معاہدہ 30 سال کے لیے طے پایا ہے۔ وزیر مائنز اینڈ پیٹرولیم شیخ شہاب الدین دلاور نے معاہدے پر دستخط کےلیے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا: اس فیکٹری میں پانچ ہزار لوگوں کو ملازمت کے مواقع مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیکٹری میں عالمی معیار کے مطابق سمینٹ تیار کی جائے گی۔ سیمنٹ کی تیاری کا تمام سامان افغانستان میں موجود ہے۔ آئندہ دو تین سالوں میں نہ صرف افغانستان سمینٹ میں خود کفیل ہوجائے گا بلکہ بیرون دنیا کو برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔ شیخ شہاب الدین نے کہا آئندہ ہفتے ہرات میں بھی ایک سمینٹ فیکٹری کے معاہدہ کیا جائے گا۔ تقریب سے الفلاح کمپنی کے سربراہ یاسر سعید المناعی نے کہا کہ ہم دس مہینے تک وزارت مائنز اینڈ پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات میں مصروف تھے۔ آج ہم معاہدے پر دستخط کے فیصلہ کن مرحلے تک پہنچے۔ یاد رہے اس سے قبل وزارت مائنز اینڈ پیٹرولیم نے ایک ملکی کمپنی کے ساتھ قندھار سیمنٹ فیکٹری کا معاہدہ کیا تھا۔ جس کے مطابق کمپنی 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور سالانہ 1 ملین ٹن سیمنٹ فراہم کرے گی۔ وزیر مائنز اینڈ پیٹرولیم نے کہا ملک میں تینوں سیمنٹ فیکٹریاں سالانہ ستر ملین بوری سمینٹ تیار کریں گی۔
وزارت مائنز اینڈ پیٹرولیم کے ترجمان ہمایون افغان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا: “ہم غیر ملکی امداد کے بجائے سرمایہ کاری کو راغب کر رہے ہیں، معیشتیں استوار کر رہے ہیں اور ایک ضرورت مند درآمد کنندہ ملک سے ایک مضبوط اور خود کفیل برآمد کرنے والے ملک میں تبدیل ہو رہے ہیں۔”