کابل

گزشتہ ایک سال میں 376 نئی غیر سرکاری تنظیمیں رجسٹر کی گئیں۔

گزشتہ ایک سال میں 376 نئی غیر سرکاری تنظیمیں رجسٹر کی گئیں۔

الامارہ نیوز

سالانہ کارکردگی رپورٹ:

امارت اسلامیہ افغانستان نے حکومت کی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کرنے اور تمام اداروں کی گزشتہ یک سالہ سرگرمیوں سے عوام کو معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں پہلے دن وزارت اقتصاد کے حکام نے گورنمنٹ انفارمیشن اینڈ میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ وزارت کی یک سالہ سرگرمیوں اور کامیابیوں کی رپورٹ میڈیا کے سامنے پیش کر دی۔
وزارت اقتصاد کے حکام کے مطابق وزارت اقتصادیات ملکی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے، جس میں ترقیاتی اہداف کا حصول، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، عوامی بہبود، پائیدار اقتصادی ترقی اور غربت کا خاتمہ شامل ہے۔
وزارت اقتصادیات کے نائب ڈاکٹر عبداللطیف نظری نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں امارت اسلامیہ نے گڈ گورننس کو مضبوط بنانے اور تمام شعبوں کی ترقی کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں، اللہ کے فضل سے اب ہم تمام شعبوں میں اچھی پیشرفت کی خوشخبری دے رہے ہیں۔ اس موقع پر وزارت اقتصادیات میں رفاہی اداروں کے انضمام کے ڈائریکٹر مفتی عبدالسلام اشرفی نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 376 نئی غیر سرکاری تنظیمیں رجسٹر ہوئیں، جن میں 355 ملکی اور 21 غیر ملکی تنظیمیں شامل ہیں، فی الحال مجموعی طور پر 2393 غیر سرکاری تنظیمیں جن میں 272 غیر ملکی جب کہ 2121 ملکی رفاہی ادارے وزارت اقتصادیات کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے سنگل بجٹ کے انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مختلف شعبوں میں ایک ارب 647 ملین ڈالر کے 3573 منصوبوں پر جاری کام کی رپورٹ وزارت اقتصادیات کو دی گئی ہے جس میں تعلیم، زراعت، سماجی تحفظ، انفراسٹرکچر اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے 2233 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور باقی 1340 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ رفاہی اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا طریقہ کار بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق صوبہ ہرات میں غوریان لوہے اور صوبہ غور میں فولاد کی کانوں کو ٹینڈر کرنے، متعلقہ کمپنیوں کے مسائل اور شکایات دور کرنے، معیشت، زراعت، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں معاشی وژن کی تشکیل، امارت اسلامیہ افغانستان کی اقتصادی اور ترقیاتی کامیابیوں کے بارے میں رپورٹ تیار کرنا، ملکی مصنوعات کی پیداوار کے لیے اقتصادی منصوبے تیار کرنا، گھی کی پیداوار کی صورت حال کا معاشی جائزہ لینا، 54 سرکاری کمپنیوں کے مالیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور بنیادی سرگرمیوں کی ترقی کے لیے ضروری فیصلے کرنا مذکورہ وزارت کی گزشتہ سال کی دیگر سرگرمیوں میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت اقتصاد کے حکام نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ازبکستان، ترکمانستان، ایران، قطر اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کیے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے خطے اور دنیا کی مختلف اقتصادی تنظیموں کے ساتھ براہ راست اور آن لائن میٹنگز میں حصہ لیا ہے۔ اسی طرح چین، جاپان، ترکی، روس، ترکمنستان، ازبکستان، ایران، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں تجارت اور سرمایہ کاری کی صورت حال کا معاشی جائزہ لینا، ریاست کی مالیاتی صورتحال، ریاستی کمپنیوں کا جائزہ، زراعت، صحت اور سماجی تحفظ کے شعبوں کا معاشی جائزہ لینا، گزشتہ دس سال کے دوران آریانا افغان کمپنی کی معاشی صورتحال کا جائزہ لینا، گزشتہ پانچ سالوں میں افغانستان الیکٹرسٹی کمپنی کی مالی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لینا، ملک میں گھی کی پیداوار میں معاونت فراہم کرنے کے لئے پالیسی پلان تیار کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے معاشی وژن تیار کرنا اور غیر سرکاری اداروں کے لیے رجسٹریشن کے شعبے میں سہولت فراہم کرنا گزشتہ ایک سال کے دوران وزارت اقتصادیات کے اہم منصوبوں میں شامل ہیں۔