کابل

امارت اسلامیہ نے 10 ارب افغانی مالیت کے 24 منصوبوں کی منظوری دے دی

امارت اسلامیہ نے 10 ارب افغانی مالیت کے 24 منصوبوں کی منظوری دے دی

 

کابل (خصوصی رپورٹ)
امارت اسلامیہ کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور کے دفتر سے شائع ہونے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر کی صدارت میں منعقدہ نیشنل پروکیورمنٹ کمیشن کے اجلاس میں 27 منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

خبر کے مطابق اس اجلاس میں صرف تین پراجیکٹ کنٹریکٹ متعلقہ اداروں کو مزید جانچ کے لیے بھیجے گئے جب کہ ان میں سے 24 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

ان منصوبوں کی لاگت تقریباً 10 ارب افغانی سے زائد ہے جو کہ 141 ملین ڈالر بنتے ہیں۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں کا تعلق وزارت دفاع، داخلی امور، وزارت تعمیرات و مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پانی و بجلی اور کابل میونسپلٹی سے ہے۔

کابل میونسپلٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ پروکیورمنٹ کمیشن نے کابل شہر میں 14 کلومیٹر کی لمبائی کے ساتھ چھ سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے جس کی لاگت تقریباً 1 بلین افغانی ہے۔

اس کے علاوہ ان منصوبوں میں صوبہ زابل میں توری ڈیم کے بقیہ کام، صوبہ پنجشیر میں پارندا ڈیم کی تعمیر اور بجلی اور انٹرنیٹ سروسز کی توسیع شامل ہیں۔

ان تمام منصوبوں کے اخراجات امارت اسلامیہ کے قومی بجٹ سے ادا کئے جارہے ہیں، اس کے علاوہ امارت اسلامیہ نے عالمی برادری سے افغانستان میں بڑے اقتصادی منصوبوں پر عمل درآمد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کا عندیہ ورلڈ بینک نے دیا ہے اور رواں سال متعدد منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔