کابل

امریکہ اور برطانیہ کی یمن پر بمباری کے رد عمل میں امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

امریکہ اور برطانیہ کی یمن پر بمباری کے رد عمل میں امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

بسم الله الرحمن الرحیم
امارت اسلامیہ افغانستان یمن پر امریکا اور برطانیہ کی جانب سے بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور خطے میں تنازعات کی وجہ قرار دیتی ہے جس نے مشرق وسطیٰ اور خطے کے تمام ممالک کی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرات میں ڈال دیا ہے۔
امریکہ اور اس کے شراکت داروں کو اپنی ماضی کی غلطیوں اور ناکامیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔ بدقسمتی سے خطے اور دیگر عالمی ممالک کی بااثر حکومتیں غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہیں اور اس سلسلے میں موثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے جنگ نے دوسرے ممالک کو اپنے لپیٹ میں لے لیا اور پورا خطہ عدم تحفظ اور عدم استحکام کا شکار ہوگیا۔ اسرائیلی جرائم کی حمایت سے لے کر یمن پر حملے تک تمام اقدامات غیر انسانی، اشتعال انگیز اور مسلم ممالک کے خلاف براہ راست جارحیت ہیں۔ امریکی اور برطانوی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی حکومتوں کو ایسی انسانیت سوز مظالم کرنے کی اجازت نہ دیں، کیوں کہ ایسے ظالمانہ اقدامات کے نتیجے میں خود وہ عوام بھی اس کے نتائج کا شکار ہوسکتے ہیں۔ امارت اسلامیہ افغانستان مسلم ممالک سے فلسطین اور دیگر مسلم ممالک کی حمایت کرنے کی اپیل کرتی ہے اور ایسے حساس حالات میں آپس کے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو پس پشت ڈال کر مظلوموں کے تئیں بحیثیت قوم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
اس کے علاوہ امارت اسلامیہ افغانستان خطے کے بااثر ممالک سے مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کرتی ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان چاہتی ہے کہ مسلم ممالک صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں پر ہر طرح کا دباؤ ڈالیں تاکہ فلسطینی عوام کا قتل عام اور یمن پر حملے فوری طور پر بند ہوں اور فلسطین کے معاملے کا مستقل حل نکل آئے۔
والسلام
امارت اسلامیہ افغانستان
۱۴۴۵/۷/۱ھ ق
۱۴۰۲/۱۰/۲۳ھ ش – 2024/1/13م