پنجشیر

دریائے پنجشیر سے کابل تک پانی پہنچانے کے منصوبے کا سروے شروع

دریائے پنجشیر سے کابل تک پانی پہنچانے کے منصوبے کا سروے شروع

 

کابل( بی این اے ) افغانستان کی وزارت پانی و توانائی نے دریائے پنجشیر سے کابل تک پانی کی منتقلی کے منصوبے کا سروے شروع کر دیا ہے۔
پنجشیر کے گورنر حافظ محمد آغا حکیم کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد جلد ہی دریائے پنجشیر کا پانی کابل تک پہنچانے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اور اس سلسلے میں گزشتہ روز انہوں نے اپنے دفتر میں وزارت پانی و توانائی کے شعبہ سروے اینڈ ڈیزائن کے وفد اور ترکی کی ایس کے ایم کنسٹرکشن کمپنی کے سربراہ سے بات چیت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے نفاذ سے مستقبل میں دارالحکومت کابل میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی وزارت پانی و توانائی کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر سروے اینڈ ڈیزائن محمد عارف مومند نے دریائے پنجشیر سے پانی کابل منتقل کرنے کو قومی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 120 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے کابل کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ جو پنجشیر کے مرکز بازارک سے شروع ہوکر کابل کے علاقے تراخیل میں ختم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب اس منصوبے کے نفاذ کا معاہدہ ایک کنسٹرکشن کمپنی سے کیا جائے گا۔
یہ بیانات ایسے وقت میں دیئے گئے ہیں جب کابل میں پانی کی قلت کا مسئلہ گزشتہ چند سالوں سے ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔