کابل

نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر سے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر کی ملاقات

نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر سے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر کی ملاقات

کابل(الامارہ)
نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالاکبیر سے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر فریدون سینرلی اوغلو نے ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر سینرلی اوغلو نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک کے علاوہ عالمی برادری بھی امارت اسلامیہ کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے اور کوئی بھی امارت اسلامیہ کے زوال کے خواہاں نہیں ہے، بلکہ وہ سب چاہتے ہیں کہ امارت اسلامیہ بین الاقوامی برادری سے جڑے رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ دوحہ اجلاس میں افغانستان کے بارے میں اچھے فیصلے کیے جائیں گے اور اس کانفرنس کے بعد افغانستان کے ساتھ عالمی تعلقات میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔
اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر سینرلی اوغلو نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک مستقبل قریب میں افغانستان سے متعلق ایک اجلاس منعقد کرے گا، اجلاس میں افغانستان کے بینکنگ سیکٹر کی ترقی، پابندیوں کے خاتمے اور افغانستان میں عالمی بینک کے نامکمل منصوبوں کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر نے کہا کہ امارت اسلامیہ عالمی بینک کی جانب سے نامکمل منصوبوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے توقع رکھتی ہے کہ دوحہ اجلاس سے افغانستان کی تعمیر نو، انسانی امداد اور بینکنگ سسٹم پر سے پابندیاں ہٹانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔