کابل

وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر کی ملاقات، دوحہ اجلاس پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر کی ملاقات، دوحہ اجلاس پر تبادلہ خیال

 

کابل ( بی این اے ) امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر فریدون سینرلی اوغلو نے ملاقات کی اور امارت اسلامیہ کی تازہ ترین سفارتی پیشرفت اور آئندہ دوحہ اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کابل میں “افغان ریجنل کوآپریشن انیشیٹو” اجلاس اور بیجنگ میں افغان سفیر کو چین کی جانب سے رسمی طور پر قبول کرنے کے بارے میں معلومات پیش کیں اور امید افزا پیش رفت پر غور کیا۔

مولوی امیر خان متقی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امارت اسلامیہ اقوام متحدہ کے ادارے کے ساتھ تعمیری بات چیت میں دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے سینیرلی اوغلو کی ذاتی کاوشوں کو سراہا اور دوحہ اجلاس کی کامیابی کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2721 کے بارے میں امارت اسلامیہ کے مؤقف کا اعادہ بھی کیا۔سینرلی اوغلو نے آزادانہ جائزے میں مثبت نکات کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور یوناما کی موجودگی میں ایک اضافی نمائندہ مقرر کرنے کی ضرورت نہیں ہے.

اسی دوران، سینیرلی اوغلو نے کہا کہ : میں نے گزشتہ ہفتے کابل میں ہونے والے “افغانستان ریجنل کوآپریشن انیشیٹو” اجلاس کا قریب سے مشاہدہ کیا اور اس کے کامیاب انعقاد پر وزارت خارجہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے دوحہ اجلاس کے بارے میں اپنے دورہ قطر اور وہاں کی جانے والی گفتگو کے بارے میں معلومات پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ دوحہ اجلاس کا مقصد ایک مسلسل عمل کے ذریعے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی برادری کا مسلسل رابطہ ہے تاکہ سیاسی میدان میں مزید پیشرفت کیا جا سکے۔

سینرلی اوغلو نے کہا کہ انہوں نے اپنے آزادانہ جائزے میں درخواست کی کہ کابل میں دیگر ممالک کی سفارتی موجودگی میں اضافہ کیا جائے، افغانستان کے مرکزی بینک پر پابندیوں پر بات کی جائے اور افغانستان کے ساتھ تیکنیکی اور ترقیاتی امداد شروع کی جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ بینک عنقریب افغانستان کے بارے میں ایک مثبت فیصلہ کرے گا۔

سینرلی اوغلو نے کہا کہ وزارت خارجہ کو دوحہ کے اگلے اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے اور اب افغانستان کی شرکت کے حوالے سے شرکاء کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان وفد دوحہ اجلاس میں اعلیٰ سطح پر شرکت کرے گا۔

آخر میں وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے معلومات پر اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر کا شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ افغانستان اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور دوحہ اجلاس کو ایک اچھا موقع سمجھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ اجلاس کے ایجنڈے اور سٹرکچر کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے بعد شرکت کا فیصلہ کرے گی۔