کابل

امارت اسلامیہ افغانستان کی یمن میں امریکی اور برطانوی بمباری کی مذمت

امارت اسلامیہ افغانستان کی یمن میں امریکی اور برطانوی بمباری کی مذمت

کابل ( بی این اے) امارت اسلامیہ افغانستان نے یمن میں امریکہ اور برطانیہ کی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔

امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی طرف سے آج جاری کردہ اعلامیے کے مطابق “امارت اسلامیہ افغانستان امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے یمن پر بمباری کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی اور خطے میں بحران کی مزید پیچیدگی کی وجہ قرار دیتی ہے۔ جس سے مشرق وسطیٰ اور خطے کے تمام ممالک کی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ : “امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو اپنی ماضی کی غلطیوں اور ناکامیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔” بدقسمتی سے علاقائی اور بین الاقوامی بااثر حکومتیں غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہیں اور اس سلسلے میں موثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے جنگ دوسرے ممالک تک پھیل گئی ہے جس کی وجہ خطہ عدم تحفظ اور عدم استحکام سے دوچار ہوچکا ہے۔

اعلامیے میں اسرائیلی جرائم کی حمایت سے لے کر یمن پر حملے تک تمام اقدامات کو غیر انسانی، اشتعال انگیز اور مسلم اقوام کے خلاف براہ راست جارحیت قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ: ’’امریکی اور برطانوی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی حکومتوں کو جارحیت اور انسان دشمن سرگرمیوں کی اجازت نہ دیں، کیونکہ ایسے ظالمانہ اقدامات کے نتیجے میں یہ قومیں بھی نقصان اور مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔‘‘

امارت اسلامیہ افغانستان نے مسلم ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ فلسطین اور دیگر مسلم ممالک کی حمایت کریں اور ایسے حساس حالات میں اپنے باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مظلوموں کے ساتھ بحیثیت ایک امت کھڑے ہو کر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

امارت اسلامیہ نے بااثر ممالک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں اور صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں پر دباؤ ڈالیں کہ وہ فلسطینی عوام کے قتل عام اور یمن پر حملوں کو فوری بند کریں اور مسئلہ فلسطین کا مستقل حل تلاش کریں۔