کابل

وزیر داخلہ کی روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف سے ملاقات

وزیر داخلہ کی روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف سے ملاقات

 

کابل (الامارہ) روسی صدر کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سلامتی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے اور علاقائی اور عالمی فورمز پر روس کا افغانستان کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خلیفہ سراج الدین حقانی نے افغانستان اور روس کے تعلقات مثبت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے دوروں سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام روس سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
روسی صدر کے خصوصی نمائندے ضمیر کابلوف نے کہا کہ افغانستان کی سلامتی اور استحکام پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے قیام امن میں افغان سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔

ضمیر کابلوف نے کہا کہ روس افغان حکومت کے موقف کا احترام کرتا ہے اور اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کو افغان حکومت کے ساتھ افہام و تفہیم کے تحت مسائل حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ روس افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کی شرح بڑھانا چاہتا ہے۔