کابل

پاکستانی طیاروں کی افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان کا رد عمل

پاکستانی طیاروں کی افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان کا رد عمل

 

گذشتہ رات تقریباً 3 بجے پاکستانی طیاروں نے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقے لامنا اور صوبہ خوست کے ضلع سپیر کے علاقے افغان دبئی میں شہریوں کے گھروں پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں پکتیکا میں 6 افراد، 3 خواتین اور 3 بچے شہید ہوئے اور ایک گھر منہدم ہوا ہے۔ صوبہ خوست میں ایک مکان منہدم ہوا ہے اور دو خواتین شہید ہوئیں۔ عبداللہ شاہ نامی شخص جس کے بارے میں پاکستانی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے واقعے میں نشانہ بنایا گیا ہے، وہ پاکستان میں ہے، دوسری جانب دونوں جانب ایک ہی قبیلہ آباد ہے جو روزمرہ کی بنیاد پر آتے جاتے رہتے ہیں اور ان کے درمیان رشتہ داریاں ہیں۔ امارت اسلامیہ افغانستان ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس غیر سنجیدہ اقدام کو افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔
امارت اسلامیہ افغانستان جسے دنیا کی سپر پاورز کے خلاف جد وجہد آزادی کا طویل تجربہ ہے، کسی کو اپنی سرزمین پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ پاکستان کے عوام اور نئی سول حکومت کو چاہیے کہ وہ چند فوجی جرنیلوں کو گذشتہ 20 سالوں کی طرح دوسری قوتوں کے مفاد کے لیے اپنی غلط پالیسیوں کو جاری رکھنے اور دونوں پڑوسی مسلم ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے سے روکے۔  پاکستان کو اپنی سرزمین میں ہونے والے واقعات اور مسائل پر قابو پانے میں ناکامی کا ذمہ دار افغانستان کو نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ کیوں کہ ایسے واقعات کے بہت برے نتائج نکل سکتے ہیں، جسے کنٹرول کرنا پاکستان کے بس میں نہیں ہوگا۔ امارت اسلامیہ افغانستان کسی گروہ کو اجازت نہیں دیتی کہ وہ افغانستان کی سرزمین استعمال کرکے کسی کی سلامتی کو نقصان پہنچائے۔

ذبیح الله مجاہد: ترجمان امارت اسلامیہ افغانستان
۱۴۴۵/۹/۸هـ ق
۱۴۰۲/۱۲/۲۸هـ ش ـ 18/3/2024 م