کابل

71 ملین ڈالر مالیت کے نیلہ باغ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

71 ملین ڈالر مالیت کے نیلہ باغ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

 

کابل ( الامارہ ) نیلہ باغ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد آج نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اخوند نے چینی سفیر اور متعدد وزراء کی موجودگی میں رکھا۔
نیلہ باغ ہاؤسنگ منصوبہ مکمل طور پر چین کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے جس پر تقریباً 71 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ اس پروجیکٹ میں 56 بلاکس میں 1400 رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے جو کہ وزارت ہاؤسنگ اور اربن ڈیولپمنٹ کی نگرانی میں 3 سال میں مکمل ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملا برادر اخوند نے نیلہ باغ ہاؤسنگ پروجیکٹ کے آغاز کو ملک کی ترقی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان نے دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں سمیت تعمیراتی منصوبوں کے نفاذ میں ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ نیو کابل منصوبہ اور آج کا نیلہ باغ ہاؤسنگ پراجیکٹ اس کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال اور حالات کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ” امارت اسلامیہ افغانستان نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صنعت، زراعت، بجلی اور تجارتی شعبوں کے علاوہ تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے ہیں”
نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اخوند نے نیلہ باغ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا عملی کام شروع کرنے پر عوامی جمہوریہ چین کا شکریہ ادا کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک اچھے پڑوسی ملک کی حیثیت سے علاقائی روابط جیسے اہم مسائل میں افغانستان کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کریں ۔
انہوں نے چینی حکومت اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں جس سے کابل اور بیجنگ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ملا عبدالغنی برادر آخوند نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ اور کابل میونسپلٹی سے کہا کہ وہ دارالحکومت کابل میں تعمیراتی مسائل حل کریں اور تعمیراتی کام شروع کرنے کی اجازت دیں، تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے اور انفراسٹرکچر کی صنعت ترقی کر سکے۔