کابل

افغان حکومت کا ترکمانستان سے 500 kv بجلی درآمد کرنے کا معاہدہ، منصوبے کا افتتاح نائب وزیر اعظم نے کیا۔

افغان حکومت کا ترکمانستان سے 500 kv بجلی درآمد کرنے کا معاہدہ، منصوبے کا افتتاح نائب وزیر اعظم نے کیا۔

رپورٹ : الامارہ اردو

جمعرات کو افغان حکومت نے دو افغانی کمپنیوں افغان انویسٹ اور عوفی بہرام کمپنیوں کے ساتھ بجلی لائن کی توسیع کا معاہدہ کرلیا۔ معاہدے کے مطابق مذکورہ کمپنیاں شبرغان سے صحرائے الوان تک اور صحرائے الوان سے دار الحکومت کابل کے علاقے ارغندی تک 500 kv پاور لائن کی توسیع پر کام کریں گی۔ معاہدے کے وقت منعقدہ تقریب سے افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبد الغنی برادر اخند نے کہا کہ امارت اسلامیہ نے ترکمانستان سے بجلی کے بقیہ کام کی تکمیل کے لیے شبرغان سے صحرائے الوان تک افغانستان انویسٹ کمپنی اور صحرائے الوان سے دار الحکومت کابل کے علاقے ارغندی تک عوفی بہرام کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اس پاور لائن پر سینکڑوں میگاواٹ بجلی ملک میں منتقل ہو جائے گی اور یہ کابل سے ملک کے جنوبی صوبوں تک بجلی کی ترسیل کو یقینی بنائے گا، جس سے افغانستان کو صرف درآمدی بجلی کی قیمت میں سالانہ 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوگی۔”
معاہدے کے مطابق منصوبے کے ذریعے 1000 میگاواٹ بجلی ترکمانستان سے سستے داموں افغانستان منتقل کی جائے گی۔ اس منصوبے کے ذریعے 60 لاکھ گھرانوں کو بجلی فراہم کی جائے گی جس سے صنعت اور زراعت کو میکنائز کیا جائے گا اور 12 صوبوں میں بجلی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں افغان الیکٹرک کمپنی نے ازبکستان کے ساتھ بجلی درآمد کرنے کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کردی۔ اس سے قبل نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبد الغنی برادر اخند کی سربراہی میں اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں صوبہ ہرات میں 25 ملین ڈالر کے بجلی کے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی جس کی تکمیل کے بعد ترکمانستان سے 120 کلو وولٹ بجلی صوبہ ہرات سے منسلک ہو جائے گی۔

افغانستان کو کتنی بجلی کی ضرورت ہے؟

افغانستان 80 فی صد بجلی باہر سے درآمد کرتا ہے، 20 فی صد اندرون ملک ذرائع سے حاصل کرتا ہے۔ اس حوالے سے افغانستان الیکٹرک کمپنی کے ترجمان حکمت اللہ میوندی نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو 1500 سے 2000 تک بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ افغانستان اندرون ذرائع سے 900 سے 950 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتا ہے۔افغانستان جن ممالک سے بجلی درآمد کرتا ہے ان میں چار ہمسایہ ممالک ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران شامل ہے۔