کابل

امارت اسلامیہ افغانستان دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔ مولوی امیر خان متقی

امارت اسلامیہ افغانستان دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔ مولوی امیر خان متقی

رپورٹ: الامارہ اردو

افغانستان کی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد تکل نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ افغانستان کے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی تھامس نکلسن نے آج دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ تکل کے مطابق ملاقات میں حالیہ دنوں لندن میں افغانستان کے موضوع پو ہونے والی کانفرنس، گذشتہ ہفتے افغانستان میں پڑوسی ممالک کے سفیروں اور خصوصی نمائندوں کے کانفرنس اور رواں ماہ دوحہ میں افغانستان سے متعلق ہونے والی کانفرنس پر گفتگو ہوئی۔ دونوں راہنماؤں نے یورپی یونین کی جانب سے نیم ترقیاتی امداد، یورپ میں مقیم افغانوں کے لیے قونصلر خدمات کی فراہمی اور دیگر موضوعات پر بھی بات چیت کی۔ ضیا احمد تکل کے مطابق یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی نے لندن کانفرنس سے متعلق افغان وزیر خارجہ کو معلومات دیں اور گذشتہ ہفتے کابل میں پڑوسی ممالک کے سفیروں اور خصوصی نمائندوں کے کانفرنس کو خطے کے ممالک کے مثبت روابط کے لیے اہم قرار دیا۔ افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔ امید ہے کہ دوحہ میں ہونے والی کانفرنس امارت اسلامیہ افغانستان اور دنیا کے درمیان مثبت تعلقات کے قیام کا سبب ہوگا۔ وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نے لکھا کہ تھامس نکلسن کے اس سوال کے جواب میں کہ امارت اسلامیہ افغانستان دوحہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرتی ہے یا نہیں؟ وزیر خارجہ نے کہا کہ امارت اسلامیہ دوحہ کانفرنس کے لیے مثبت رائے رکھتی ہے اور کانفرنس میں بامعنی شرکت پر غور کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے 18 اور 19 تاریخ کو دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام افغانستان کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ یہ کانفرنس افغانستان کے لیے نہایت اہم ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس کا نفرنس میں افغان حکومت کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ یہ اس سلسلے کی دوسری کانفرنس ہے۔ اس سے قبل مئی 2023 میں بھی دوحہ میں یہ کانفرنس ہوئی تھی مگر تب افغان حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا تھا۔