کابل

امارت اسلامیہ صحت کے شعبے میں موجود مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے: مولوی عبدالسلام حنفی

امارت اسلامیہ صحت کے شعبے میں موجود مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے: مولوی عبدالسلام حنفی

 

کابل ( بی این اے ) نائب وزیراعظم برائے انتظامی امور مولوی عبدالسلام حنفی نے کابل میں آریانا میڈیکل کمپلیکس، امیری میڈیکل کمپلیکس، کیور اور فرانسیسی (ایف ایم آئی سی) ہسپتال کے متعدد ماہرین اور عہدیداروں سے ملاقات کی۔

آریانا پرائیویٹ ہسپتال کے صدر ڈاکٹر عبدالواحد صدیقی نے اپنے ساتھیوں کی نمائندگی میں گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم کو ان ہسپتالوں کی صورتحال، سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں معلومات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال مختلف شعبوں میں ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی مریضوں کا علاج کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان ہسپتالوں میں جدید طبی آلات اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بعض بیماریوں کا علاج ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان آلات کی فراہمی سے ان کے علاج کی سہولت ملک کے اندر ہی مہیا ہوگی اور مریضوں کو علاج کے لیے غیر ممالک کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

ڈاکٹر عبدالواحد صدیقی نے امارت اسلامیہ کی قیادت سے یہ بھی کہا کہ وہ ماہر ڈاکٹروں کی تربیت، معیاری طبی آلات کی فراہمی اور افغانستان میں صحت کے مراکز کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔

اس کے ساتھ ہی مولوی عبدالسلام حنفی نے شعبہ صحت کو لوگوں کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ صحت کا شعبہ امارت اسلامیہ کے بنیادی ترجیحات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارت اسلامیہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اور اس مقصد کے لیے تیزی سے کوششیں جاری ہیں ۔

انہوں نے ملک کے صحت کے نظام میں اصلاحات کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ ملکی سطح پر صحت کے شعبے میں مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

یاد رہے کہ نائب وزیراعظم نے اس ملاقات میں وضاحت کی کہ مختلف شعبوں میں ملک کے تمام ماہرین اس قوم اور ملک کا سرمایہ ہیں ہم ان کی قدر کرتےہیں ہم ایک دوسرے کے تعاون سے افغانستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے لوگوں کو مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔