کابل

واپس آنے والے مہاجرین کے لیے روزگار کے مواقع

واپس آنے والے مہاجرین کے لیے روزگار کے مواقع

الامارہ اردو

پاکستان سے افغانستان واپس آنے والے مہاجرین میں سے ایک وہ ہیں جن کی افغانستان میں اپنی زمین، گھر اور جائیداد ہے۔ ان کو بسانا شاید اتنا مسئلہ نہیں ہے۔ ان لوگوں کی آباد کاری واقعی مسئلہ ہے جو کئی دہائیوں سے پاکستان میں رہ رہے تھے۔ طویل عرصہ پردیس میں رہنے اور افغانستان میں حکومتوں کی تبدیلی کی وجہ سے اب افغانستان میں ان کی کوئی زمین ہے نہ گھر اور جائیداد۔ ایسے لوگوں کے ساتھ افغان حکومت اور عوام نے دل کھول کر تعاون کی۔ اطلاعات کے مطابق کئی لوگوں نے ایک سے زائد مکانات مہاجرین کو رہنے کے لیے اس وقت تک فراہم کیے جب تک وہ اپنا گھر نہیں بناتے۔ افغان حکومت نے بارڈر سے اپنے علاقوں تک انھیں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی۔ وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ایک تازہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ مذکورہ وزارت واپس آنے والے مہاجرین کو ملازمت کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ جس سے ایک طرف انھیں ملازمت اور روزگار ملے گا اور دوسری جانب ملک کی تعمیر کے لیے ان کی خدمات بھی لی جائیں گی۔ مذکورہ وزارت کے اعلامیے میں کہا گیا: “وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر پاکستان سے ڈی پورٹ کیے جانے والے مہاجرین کو ملازمت کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ وہ لوگ جو وزارت کے معیار کے مطابق کام کرنے کے خواہش مند ہو وہ 26 نومبر 2023 تک اپنے اسناد کی ایک فوٹو کاپی، دو عدد تصاویر اور ایک تذکرہ(شناختی کارڈ) کی فوٹو کاپی وزارت کو ارسال کرے۔ وزارت کے حکام کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد ان لوگوں کو ملازمت پر رکھے گی۔” اعلامیے میں وزیر امر بالمعروف و نہی عن المنکر شیخ خالد حنفی نے عوام سے بھی ڈی پورٹ کیے گئے مہاجرین کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایک سے زائد مکانات کے مالک ہیں وہ یا تو رضاکارانہ طور پر مہاجرین کو دے دیں یا کم کرایہ پر دے دیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان اسٹیٹ آئل اینڈ گیس کمپنی نے بھی ایک اعلامیے کے ذریعے ڈی پورٹ کیے گئے مہاجرین کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا تھا۔ افغانستان اسٹیٹ آئل اینڈ گیس کمپنی نے اعلامیہ میں لکھا تھا : “وہ لوگ جو تجارت، معاشیات، کمپیوٹر سائنس، سول انجینئرنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور دیگر تکنیکی شعبوں سے گریجویشن کیا ہوں اور ان شعبوں میں کام کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ jobs.af ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ، تعلیمی دستاویزات، امیگریشن کی تصدیق اور مہاجرین کمیشن کی تصدیق منسلک کریں۔  افغانستان کی اسٹیٹ آئل اینڈ گیس کمپنی ایسے تمام اہل کاروں کا جائزہ لیں گی اور اہل افراد کا تقرر کرے گی۔