کابل

افغان وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو: دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

افغان وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو: دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

کابل: (الامارہ اردو) افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ایرانی ہم منصب امیر عبداللہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں راہنماؤں نے ایران اور افغانستان میں مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، بجلی، ریلوے، مشترکہ سرحد، پانی اور ایران میں قید افغان باشندوں کی رہائی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت کی سربراہی میں افغان تجارتی وفد کے حالیہ نتیجہ خیز دورہ ایران پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں منصوبوں پر عمل درآمد میں قریبی تعاون اور افہام و تفہیم پر کام کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرحد کی حفاظت کو اہم قرار دیا اور اس شعبے میں مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے پانی کے مسئلے پر دونوں حکومتوں کے درمیان موجودہ معاہدے کے فریم ورک میں افغان فریق کے سرکاری موقف پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے درمیان قائم مثبت تعلقات کو منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے افغان قیدیوں کے مسائل حل کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
آخر میں افغان وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات مزید مضبوط کرنے اور اسے نقصان پہنچانے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھنی چاہیے۔