کابل

افغان وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ ترکمن ہم منصب سے  ملاقات۔

افغان وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ ترکمن ہم منصب سے  ملاقات۔

آج افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے وفد کے ہمراہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید مردوف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغانستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اشک آباد میں افغانستان کی سفارتی موجودگی کی سطح بڑھانے، افغانستان میں تاپی منصوبے کے عملی طور پر آغاز، صوبہ ہرات میں ترکمانستان سے درآمدی بجلی میں اضافہ، سڑکوں کی بحالی، افغانستان ریلوے کے شعبے میں ترقی میں ترکمانستان کی سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع بات چیت ہوئی۔
افغان وزیر خارجہ نے ترکمن ہم منصب کی جانب سے دعوت اور پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی وفود کی آمد و رفت میں اضافہ قربت اور دوستانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ افغان وزیر خارجہ نے درخواست کی کہ دوطرفہ تجارت اور سامان کی منتقلی میں اضافے کے لیے ترکمانستان کے ویزوں کے اجرا میں افغان تاجروں اور ٹرانسپورٹ اہل کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر خارجہ نے افغان ریلوے اہل کاروں کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ افغان طلبا کے لیے ترکمانستان کے سکالرشپ میں اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ متقی صاحب نے افغانستان میں تاپی منصوبے کے عملی طور پر آغاز کے لیے افغانستان کی ہمہ جہت تیاریوں کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کیں اور امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک تاپی منصوبے پر کام کا عملی طور پر آغاز کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے ہرات میں نورالجہاد سب اسٹیشن پر کام کی پیش رفت، ہرات میں بجلی میں اضافے اور تاپی منصوبے کے حوالے سے افغانستان کی تیاری کے بارے میں معلومات پیش کیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی خارجہ پالیسی معیشت کی بہتری کے گرد گھومتی ہے۔ امارت اسلامیہ علاقائی اقتصادی رابطہ پر بھر پور توجہ دیتی ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان میں شاہراہوں اور ریلوے کی تعمیر امارت اسلامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے ترکمانستان کو ترغنڈی سے ہرات، اندخوئی، شبرغان تا مزار شریف ریلوے لائن کی توسیع میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔
ترکمن وزیر خارجہ راشد مردوف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ترکمانستان کی تجارت بڑھانا ہماری سٹریٹجک ترجیح ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کی ٹیمیں افغان تاجروں اور ترکمانستان میں ٹرانسپورٹ اہل کاروں کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے افغان طلبا کو بجلی، ریلوے، نقل و حمل اور گیس کے شعبوں میں اسکالر شپس دینے پر آمادگی ظاہر کی۔ ترکمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکمانستان نے تاپی پراجیکٹ پر کافی کام کیا ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ ٹیمیں مستقبل قریب میں افغانستان کی سرزمین میں بھی اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تاپی ایک بڑا منصوبہ ہے اور ترکمانستان کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیمیں ہرات میں نورالجہاد سب اسٹیشن کی استعداد بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ ہرات شہر کے آس پاس کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بڑھایا جا سکے۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان تک ریلوے لائن بڑھانا ترکمانستان کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تورغنڈی میں ریلوے سٹیشن کی استعداد کار بڑھانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں کام جاری رکھیں گی تاکہ اسے جلد کھولا جا سکے۔ دونوں راہنماؤں کے درمیان ایک روزہ ورکنگ مذاکرات میں لاجورد روٹ کی توسیع پر بھی بات چیت کی گئی اور اس پر اتفاق کیا گیا کہ لاجورد روٹ کے پانچ ممالک کے نمائندوں کا ایک اجلاس مستقبل قریب میں اشک آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح پر متعلقہ شعبوں میں مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے مفادات میں بڑے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔