کابل

افغان وزیر دفاع اور قطری حکام کا دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

افغان وزیر دفاع اور قطری حکام کا دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

 

کابل۔
امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد اور چیف آف آرمی اسٹاف قاری محمد فصیح الدین فطرت نے قطر کے وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز افغان وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد اور چیف آف آرمی اسٹاف قاری فصیح الدین فطرت نے قطر کے امیر شیخ عبداللہ بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں قطر کے وزیر دفاع، چیف آف آرمی اسٹاف اور کئی دیگر ممالک کے وزرائے دفاع بھی موجود تھے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ امارت اسلامیہ کے یہ دونوں اعلیٰ دفاعی حکام دو روز قبل دوحہ میں ڈیمڈیکس نامی دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے قطر گئے تھے۔ اس دفاعی نمائش میں مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے زمینی، فضائی اور بحری فوجی ساز و سامان اور ہتھیاروں کو نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔

اگرچہ وزارت دفاع نے دوحہ میں ہونے والی اس دفاعی اور سیکورٹی نمائش میں شرکت کے لیے مذکورہ دو اعلیٰ دفاعی حکام کے دورے کے بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم دفاعی تجزیہ کاروں نے اس دورے کو ملک کے لئے اہم قرار دیا، کیونکہ جولائی 2022 میں بھی وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے قطر کا دورہ کیا تھا اور قطری حکام کے ساتھ فوجی یونیفارم اور دفاعی تکنیکی آلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔