کابل

امارت اسلامیہ اپنی اقتصادی خارجہ پالیسی کے مطابق تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے : نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر

امارت اسلامیہ اپنی اقتصادی خارجہ پالیسی کے مطابق تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے : نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر

 

کابل( بی این اے ) نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر نے گزشتہ شام کابل کے سیپدار پیلس میں متعدد ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

افطار ڈنر میں امارت اسلامیہ کے سیاسی کمیشن اور کابینہ کے بہت سے اراکین اور عہدیداروں سمیت کابل میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں، ناظم الامور، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور اسلامی کانفرنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “انہیں توقع ہے کہ کابل میں مقیم سفارت کاروں اور سفیروں کی تعداد اگلے سال اس سے بھی زیادہ ہو جائے گی اور دیگر ممالک بھی اپنے سفارت خانے یہاں کھولیں گے”

انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ اپنی اقتصادی خارجہ پالیسی کے مطابق تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔

مولوی عبدالکبیر نے مزید کہا کہ خطے اور دنیا کے کچھ حلقوں نے افغانستان میں داعش کے لیے پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ داعش نہ صرف افغانستان کا بلکہ انسانیت، خطے اور دنیا کا دشمن ہے، امارت اسلامیہ نے افغانستان میں اس گروہ کی قوت کو کچل دیا ہے۔ اب کسی کو اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے کے لیے لابنگ نہیں کرنی چاہیے۔

مولوی عبدالکبیر نے کہا کہ افغانستان میں شکست کھانے والی قوتیں افغانستان کے وسیع علاقائی تعلقات اور تعامل، بنیادی اور ترقیاتی امور کے فروغ، منشیات اور بدعنوانی کے خاتمے اور مجموعی بہترین سیکیورٹی صورتحال کو تسلیم نہیں کرتے۔

نائب وزیراعظم نے ایک بار پھر ان ممالک سے کہا کہ وہ افغان مہاجرین کو زبردستی ملک بدر کرنے سے گریز کریں اور اس سلسلے میں عالمی قوانین کے پیش نظر حوصلے سے کام لیں۔