کابل

امارت اسلامیہ نے صوبہ نمروز میں بڑا ڈیم بنانے کا اعلان کر دیا

امارت اسلامیہ نے صوبہ نمروز میں بڑا ڈیم بنانے کا اعلان کر دیا

 

کابل۔ خصوصی رپورٹ
امارت اسلامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ عالیقدر امیرالمؤمنین حفظہ اللہ کی ہدایت پر وہ صوبہ نمروز کے ضلع خاشرود میں پانی کا ڈیم بنا رہے ہیں۔

ان کے مطابق اس ڈیم پر 2 ارب افغانی لاگت آئے گی اور یہ 8 ہزار ہیکٹر زرعی اراضی کو سیراب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ڈیم دریائے خشرود پر بنایا جا رہا ہے جو کہ دریائے ہلمند کی جانب سے بہتا ہے۔ تاہم اس وقت خشک سالی کی وجہ سے دریائے ہلمند میں پانی کی سطح بہت کم ہے۔

وزارت دیہی تعمیر نو اور ترقی کے حکام نے بتایا کہ ضلع خشرود میں ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک تکنیکی/پیشہ ور ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ یہ ڈیم 50 میٹر اونچا ہوگا اور اس میں 60 ملین کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔

حکام کے مطابق اس ڈیم کی تکمیل سے صوبہ نمروز کے متعدد اضلاع گلستان، دلارام، خاشرود، غوری اور چخانسور میں 8 ہزار ہیکٹر زرعی اراضی سیراب ہو گی۔

امارت اسلامیہ نے گزشتہ دو سالوں میں ملک بھر میں پانی کے ڈیموں کی تعمیر کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے، جس کی مدد سے ملک میں خشک سالی کے منفی اثرات پر کسی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

رواں سال 20 مئی کو نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے صوبہ فراہ میں بخش آباد ڈیم کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کیا تھا، جس سے فراہ کی وسیع زرعی زمینوں کو سیراب کیا جائے گا۔

اس موقع پر ملا برادر اخوند نے کہا تھا کہ بخش آباد ڈیم کی دائیں اور بائیں نہریں، جو 50 اور 52 کلومیٹر لمبی ہیں، 68,000 ہیکٹر سے زیادہ اراضی کو سیراب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس کے علاوہ صوبہ ہرات میں سلما ڈیم کی تعمیر کا کام جاری ہے جب کہ صوبہ ہلمند میں کجکی ڈیم کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور شمالی صوبوں میں قوش تیپہ کینال کے نام سے ایک تاریخی نہر کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کی تعمیر سے لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔