خوست

امارت اسلامیہ کے 17 ممالک میں سفارتی مشن بحال ہیں، نائب وزیر اعظم

امارت اسلامیہ کے 17 ممالک میں سفارتی مشن بحال ہیں، نائب وزیر اعظم

کابل.
امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور محمد عبدالکبیر نے کہا ہے کہ اس وقت امارت اسلامیہ کے 17 سیاسی نمائندے مختلف ممالک میں متحرک ہیں جبکہ مزید ممالک تک اس کا دائرہ کار بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ خوست میں شیخ زید یونیورسٹی کے اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین، روس، ازبکستان، ترکمانستان، ایران، پاکستان، قطر، ترکی سمیت 17 ممالک میں امارت اسلامیہ کے سفارت کار سفارتی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں.

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران، پاکستان اور چین سمیت متعدد ممالک نے امارت اسلامیہ کے سفارتی نمائندوں کو سرکاری سطح پر سفارتی قبول کیا ہے اور اب وہاں پر امارت اسلامیہ کے سفارت کار سفارتی مشن میں مصروف عمل ہیں۔

مولوی عبدالکبیر نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کا موجودہ نظام صرف طالبان تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں ملک کے تمام قبائل اور ہر شہر کے لوگ شامل ہیں جو بلاتفریق خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ کے قیام کے بعد ملک میں بدامنی، کرپشن، ظلم اور دیگر تمام سابقہ بحرانوں کا خاتمہ ہوا، نصف صدی کے بعد اب پہلی بار ملک بھر میں مرکزی حکومت کی رٹ قائم ہوچکی ہے، قومی تعصب اور نفرتوں کا خاتمہ ہوا، منشیات کی کاشت پر پابندی عائد کر دی گئی، منشیات کی پیداوار میں نمایاں طور پر کمی آئی، نشے کے لاکھوں عادی افراد کا علاج کیا جا رہا ہے، بھکاریوں کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے جو بہت بڑی پیشرفت ہے.