کابل

انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن نے متعدد سرکاری اداروں میں آسان عمل کے نفاذ کا اعلان کر دیا

انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن نے متعدد سرکاری اداروں میں آسان عمل کے نفاذ کا اعلان کر دیا

کابل:
انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن نے وزارت اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے ادارے کے ساتھ آسان عمل کو نافذ کرنے کے لیے ایک نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔

اس معاہدے پر گزشتہ روز حکومت کے میڈیا سینٹر میں انتظامی اصلاحات اور سول سروس ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ، وزیر اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن ادارے کے سربراہ نے دستخط کیے۔

وزیر ہائر ایجوکیشن شیخ مولوی ندا محمد ندیم نے اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں اور یونیورسٹیوں کے دوروں کے دوران لوگوں نے انہیں سرکاری اداروں میں کام کے پیچیدہ عمل کی شکایت کی تھی لہذا پیچیدہ عمل کو آسان بنانے اور سائلین کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے بہترین سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے لیے ایک نئے معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت لوگوں کو پیچیدہ عمل سے گزرنے کی تکلیف نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں سرکاری اداروں میں کرپشن کو فروغ دینے کے لئے جان بوجھ کر سرکاری امور کو پیچیدہ بنایا گیا تھا اور بروقت امور کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی گئی تھی تاہم امارت اسلامیہ اس سلسلے میں سہولیات پیدا کرنے اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن کے سربراہ مولوی عبدالحنان عارف اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ میں انہوں نے مختلف اداروں میں کام کیا ہے جن میں وزارت اعلیٰ تعلیم، مہاجرین، زراعت سمیت دیگر اداروں میں اب تک 364 پراسیسز کو آسان بنایا گیا ہے۔

وزارت اعلیٰ تعلیم کے مالیاتی اور انتظامی معاون مولوی محمد حامد حسیب نے سرکاری اداروں میں عمل کو آسان بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وزارت اعلیٰ تعلیم کے متعدد سیکشنز میں یہ عمل نمایاں طور پر آسان کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بیچلر ڈگری کے حصول کا عمل جو پہلے 45 مراحل اور کم از کم 17 دن میں مکمل ہوتا تھا، اب آسان ہونے کے بعد یہ عمل 10 مراحل اور کم از کم 2 دن میں مکمل ہوتا ہے۔

اسی طرح یونیورسٹی اساتذہ کی تعلیمی ترقی کا عمل جو پہلے 221 مراحل اور کم از کم 148 دنوں میں مکمل ہوتا تھا، اب آسان بنانے کے بعد یہ عمل 113 مراحل اور کم از کم 63 دنوں میں مکمل ہوتا ہے۔

ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہ مولوی غلام حیدر شہامت نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں کہا کہ فی الحال متعدد وزارتوں اور اداروں میں خریداری کا عمل بہت پیچیدہ ہے اور اسے آسان بنانے کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے درخواست کی کہ انتظامی اصلاحات اور سول سروسز ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرے اور اس پر عمل درآمد کرے۔