کابل

انگریز سامراج سے آزادی کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

انگریز سامراج سے آزادی کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

 

19 اگست 1919 کو افغانستان کے عظیم مجاہد عوام نے انیسویں صدی کے سامراج انگریز افواج کو اللہ کی مدد اور مالی و جانی قربانیوں کی برکت سے اپنی پاک سرزمین سے بے دخل کر کے آزادی حاصل کی۔
افغانستان میں انگریزوں کی غاصب افواج اس سے قبل اللہ کی مدد و نصرت سے دو بار شکست کھا چکی تھیں، یہ ان کی تیسری شکست تھی۔ اس کے بعد برطانوی سلطنت کے پاؤں جمے نہ رہے اور دنیا کی دوسری نوآبادیات میں بھی اس کے ظلم و ستم کا سلسلہ اختتام کو پہنچا اور 19ویں صدی کی اس عالمی طاقت کا سامراجی سقوط افغان مجاہد قوم کے نام درج ہوا۔ یہ شکر اور فخر کا مقام ہے کہ ہم برطانوی استعمار سے آزادی کا دن ایسے وقت میں منا رہے ہیں جب کہ اس دن سے چار روز قبل ہم نے امریکی استعمار کی شکست کا جشن منایا تھا۔ افغانستان کی مجاہد قوم اسے اپنے لیے بہت بڑا فخر سمجھتی ہے کہ اس نے اللہ کی نصرت سے اپنے مجاہد علما کی قیادت میں ایک صدی میں مسلسل تین سلطنتوں کو شکست دے کر اپنے ملک سے بے دخل کردیا۔
اللہ رب العزت کی مدد سے افغانوں کے ہاتھوں برطانوی استعمار اور اس کے بعد روسی افواج کی شکست اور سوویت یونین کے ٹوٹنے اور پھر امریکی و نیٹو افواج کی شکست نے یہ آشکارا کر دیا کہ افغانستان ناقابل تسخیر ملک ہے۔ اس کے لوگ مضبوط مسلمان، متحد اور حریت پسند ہیں۔
افغانستان کے مسلمان عوام ہر وقت مظلوم رہے ہیں، ان کا کبھی دوسرے ممالک اور عوام پر ظلم و ستم ڈھانے کا ارادہ نہیں تھا اور نہ ہے، لیکن بدقسمتی سے دوسری بڑی طاقتیں اس کے عوام پر ظلم کرکے اس کے حقوق اور آزادی سلب کر رہی ہیں جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اس کے برعکس اس نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے غاصب افواج کو اپنے کیے پر پشیمان کر دیا۔
امارت اسلامیہ افغانستان اپنی مومن مجاہد قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتی ہے اور اس بات کا بھی اظہار کرتی ہے کہ امارت اسلامیہ مجاہد اسلاف کی قربانیوں کی بدولت محفوظ دینی اقدار، عقیدہ، فکر اور ثقافت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ کسی قوت کو اجازت نہیں دیتی کہ وہ ہمارے قابل فخر اقدار کی توہین کرے یا اسے ہلکا سمجھے۔
امارت اسلامیہ افغانستان ایک آزاد اور قانونی نظام کے طور پر خطے اور دنیا کے ممالک کے ساتھ اسلامی شرعی قوانین کی بنیاد پر صحت مند تعلقات پر یقین رکھتی ہے اور جیسا کہ اس کا کبھی کسی کو ضرر یا نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رہا ہے، دوسروں سے بھی ایسی پالیسی اپنانے کی توقع رکھتی ہے جس میں سب کا فائدہ ہو۔

امارت اسلامیہ افغانستان
۳/۲/۱۴۴۵هـ ق
۲۸/۵/۱۴۰۲هـ ش ــ 2023/8/19 م