کابل

خطے اور دنیا کے ساتھ امارت اسلامیہ کے اقتصادی تعلقات سب کے مفاد میں ہیں

خطے اور دنیا کے ساتھ امارت اسلامیہ کے اقتصادی تعلقات سب کے مفاد میں ہیں

کابل۔امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر سے وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر جناب عزیزی نے اپنے حالیہ دورہ روس اور خطے کے دیگر ممالک کے دورے کی رپورٹ پیش کی اور دورے کے دوران حاصل کرنے والی اہم کامیابیوں کی تفصیلات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار، کان کنی، تیل اور خوراک کی درآمدات، علاقائی رابطوں اور ٹرانزٹ کے حوالے سے متعدد اہم اجلاس ہوئے جن کے افغانستان اور خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ان کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیر صنعت و تجارت کے مطابق اس دورے کے دوران افغان وفد نے تاتارستان کے صدر سے بھی ملاقات کی، مجموعی طور پر ہمارے دفد کا دورہ تمام متعلقہ شرکا کی توجہ کا مرکز رہا اور سب نے اس کا خیر مقدم کیا۔
نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مولوی عبدالکبیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ کے خطے اور دنیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات سب کے مفاد میں ہیں اور اس سلسلے میں وزارت صنعت و تجارت کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل اور بنیادی اشیاء ضروریہ کی درآمدات کے حوالے سے خطے کے ممالک افغانستان کے لیے اچھا انتخاب ہیں اور اس پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔
نائب وزیر اعظم نے وزیر صنعت و تجارت کو علاقائی اور بین الاقوامی ممالک اور کمپنیوں کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے، ان کی توجہ افغانستان کی طرف مبذول کرانے اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔