کابل

دو روز میں 5000 افغان مہاجرین ایران سے اپنے ملک واپس آئے

دو روز میں 5000 افغان مہاجرین ایران سے اپنے ملک واپس آئے

کابل:
امارت اسلامیہ فغانستان کی وزارت مہاجرین کے حکام کا کہنا ہے کہ دو دنوں میں ایران سے 5000 سے زائد افغان اپنے ملک واپس لوٹ چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ان افغان مہاجرین میں سے زیادہ تر رضاکارانہ طور پر افغانستان آئے ہیں تاہم کچھ کو ایران سے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔
وزارت مہاجرین کے ترجمان عبدالمطلب کے مطابق ماہِ کب کی 22 اور 23 تاریخ کو 4976 افغان باشندے ایران سے وطن واپس آئے اور اگلے روز مزید 2400 افغان مہاجرین ایران سے افغانستان آئے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ایران سے نکالے گئے افغان باشندوں میں زیادہ تر وہ ہیں جو خود کو ایران کے راستے دوسرے ممالک میں سمگل کرنا چاہتے تھے لیکن ایرانی فورسز نے انہیں پکڑ لیا اور اب انہیں ان کے ملک واپس بھیج دیا گیا ہے۔
عبدالمطلب نے کہا کہ افغان جو چھوٹے کاروبار کے مالک ہیں، خطے کے ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور اب اپنے وطن میں ماضی کے مقابلے میں سیکورٹی بہتر ہو رہی ہے، یہ ایک اہم وجہ ہے کہ بہت سے افغان باشندے ملک واپس آ رہے ہیں۔
دوسری جانب پڑوسی ملک پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں افغان مہاجرین واپس آئے ہیں اور ان کی واپسی کا عمل ہنوز بھی جاری ہے، دونوں پڑوسی اسلامی ممالک سے افغان مہاجرین کی آمد کا سلسلہ اگرچہ پہلے سے جاری ہے تاہم گزشتہ ایک برس کے دوران اس عمل میں تیزی آئی ہے اور مبصرین کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے بعد پڑوسی ممالک میں مختلف مسائل سے دوچار افغان مہاجرین تیزی سے اپنے ملک کا رخ اختیار کررہے ہیں اور اپنے ہی ملک میں ان کے لئے کاروبار کے لحاظ سے بھی ماحول سازگار ہے۔