کابل

سازشی قوتوں کا پروپیگنڈہ افغانستان کی ترقی کی راہ نہیں روک سکتا : ذبیح اللہ مجاہد

سازشی قوتوں کا پروپیگنڈہ افغانستان کی ترقی کی راہ نہیں روک سکتا : ذبیح اللہ مجاہد

 

کابل( بی این اے ) حکومت افغانستان نے میونخ اجلاس میں افغانستان کے بارے میں کیے گئے خدشات کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے اسے سازشی قوتوں کا پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

امارت اسلامیہ کے ترجمان مولوی ذبیح اللہ مجاہد نے ان خدشات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اب کئی برسوں بعد امن کی نعمت سے بہرہ ور ہے، کوئی غیر ملکی گروہ یہاں موجود نہیں ہے اور نہ انہیں کام کرنے کی اجازت ہے، امارت اسلامیہ کی ڈھائی سالہ حکومت کے دوران یہاں سے کسی ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ نے منشیات کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، اس کی کاشت اور سمگلنگ صفر کر دی گئی ہے، خواتین سمیت تمام افغان شہریوں کے حقوق محفوظ ہیں، انہیں جسمانی اور نفسیاتی تحفظ حاصل ہے۔ عدالتوں کے دروازے شہریوں کے لیے بلا تفریق کھلے ہوئے ہیں۔

امارت اسلامیہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اس وقت افغانستان اقتصادی خود مختاری کی طرف بڑھ چکا ہے، کرنسی کی قدر برقرار ہے، بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، صحت، تعلیم اور سماجی شعبوں میں غیر معمولی کام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس تمام پیش رفت کے باوجود افغانستان کے بارے میں غلط تصویر پیش کرنا، بے چینی پھیلانا اور افغانستان سے خطرے اور خوف کا احساس پیدا کرنا یا تو متعلقہ ممالک کی معلومات میں کمی کو ظاہر کرتا ہے یا کچھ مخصوص قوتیں جان بوجھ کر اس جیسے اجلاسوں کے موقع پر غلط معلومات اجلاس کے شرکاء کو دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سازش کرنے والی قوتیں چاہے جتنا بھی پروپیگنڈہ کریں، افغانستان ترقی کرتا رہے گا اور کسی کے اعلامیوں اور پروپیگنڈوں کے زیر اثر نہیں آئے گا۔