کابل

فلسطین میں غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری اور پابندیوں کے حوالے سے امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

فلسطین میں غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری اور پابندیوں کے حوالے سے امارت اسلامیہ افغانستان کا اعلامیہ

 

گذشتہ چند دنوں سے غاصب اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم اور غریب عوام پر وحشیانہ بمباری اور حملے ہو رہے ہیں۔ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے اور انہیں کہا گیا کہ دس لاکھ سے زائد فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ دیں، سینکڑوں عورتیں، بچے اور بوڑھے شہید ہو گئے اور کئی گھر تباہ ہو گئے۔ اسی طرح غاصب اسرائیل کی طرف سے غزہ پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں اور اسرائیلی رہنماؤں نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ خوراک، پانی، ادویات اور تیل جو کہ تمام بنیادی انسانی ضروریات ہیں، غزہ کو جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امارت اسلامیہ افغانستان اس عظیم انسانی ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایک بار پھر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی ہم دردی اور حمایت کا اعلان کرتی ہے اور دیگر مسلم ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ تعاون کریں اور اس عظیم الہی امتحان میں غافل نہ رہیں۔
اسی طرح وہ ممالک اور تنظیمیں جو انسانی حقوق بالخصوص خواتین اور بچوں کے حقوق کو استعمال کرتے ہوئے دوسرے آزاد ممالک میں مداخلت کرتے ہیں۔ آج وہ کیوں فلسطینی خواتین، مردوں اور بچوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر خاموش ہیں؟ یا پھر ان کی حمایت کرتے ہیں؟
اس سے ظاہر ہے کہ ان کے لیے انسانی حقوق کا مسئلہ اہم نہیں ہے، بلکہ یہ نعرہ اسی وقت استعمال کیا جاتا ہے جب اس نعرے کے ساتھ ان کے سیاسی اور انٹیلی جنس مقاصد سے منسلک ہوں۔ ورنہ فلسطینی بچے، عورتیں اور بزرگ انسان نہیں ہیں؟
اس معاملے میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی حیثیت اور تاثیر بھی پوری انسانی برادری پر اثر انداز ہوتی ہے۔
شمالی غزہ کی پٹی سے 1.2 ملین سے زائد فلسطینیوں کی جبری انخلا کی کوشش اور فلسطینی علاقوں کا منصوبہ بند الحاق ایک جنگی جرم ہے اور اس سلسلے میں عالمی برادری کی غیر موثر پوزیشن موجودہ بین الاقوامی نظام کی بے مثال ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان پوری دنیا بالخصوص اسلامی ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کرتی ہے کہ مسئلہ فلسطین کو جلد از جلد حل کریں اور اسرائیل کی بربریت اور وحشیانہ اقدامات کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جانا چاہیے، ورنہ وہاں کی موجودہ صورت حال کے نتیجے میں کسی بھی قسم کی انسانی تباہی کی ذمہ داری سب پر عائد ہوگی۔

والسلام
امارت اسلامیہ افغانستان
۲۹/۳/۱۴۴۵هـ ق
۲۲/۷/۱۴۰۲هـ ش ــ 2023/10/14م